• KHI: Zuhr 12:42pm Asr 4:30pm
  • LHR: Zuhr 12:13pm Asr 3:46pm
  • ISB: Zuhr 12:18pm Asr 3:46pm
  • KHI: Zuhr 12:42pm Asr 4:30pm
  • LHR: Zuhr 12:13pm Asr 3:46pm
  • ISB: Zuhr 12:18pm Asr 3:46pm

190 ملین پاؤنڈ ملکی تاریخ کا سب سے بڑا فیصلہ ہے، عطا تارڑ

شائع January 17, 2025
وزیر قانون نے کہا کہ ٹرائل کورٹ نے فیصلے میں بڑے تحمل کا مظاہرہ کیا — فوٹو: ڈان نیوز
وزیر قانون نے کہا کہ ٹرائل کورٹ نے فیصلے میں بڑے تحمل کا مظاہرہ کیا — فوٹو: ڈان نیوز

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ کیس کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا فیصلہ ہے جس میں اربوں روپے کا ڈاکا مارا گیا جس سے راہ فرار اختیار نہیں کی جاسکتی۔

اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر وفاقی وزیر قانون کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ وکیل صفائی بے گناہی کے ثبوت نہیں پیش کرسکے اور نہ کرپشن کا خاطر خواہ جواب دیا گیا، چند دنوں سے گھناؤنے جرم کو مذہب کارڈ کے پیچھے چھپانے کی کوشش کی گئی، کیس کو سیاسی بنیادوں اور میڈیا پر لڑا گیا۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ہر جگہ مذہب کارڈ اور ریاست مدینہ کا نام استعمال کرتی ہے، ان سب چیزوں کو ایک طرف رکھ کر قانونی طور پر جواب دیا جائے، 190 ملین پاؤنڈ کیس کا فیصلہ سب سے بڑا ڈاکا ہے جس سے راہ فرار نہیں اختیار کی جاسکتی۔

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ آج انصاف کا بول بالا ہوا ہے، یہ ملکی تاریخ کا سب سے بڑا فیصل ہے، پی ٹی آئی کو اپیل کا حق حاصل ہے لیکن اس سے قبل یہ ثابت کرنا ہوگا کہ کرپشن نہیں کی۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی مذہب کو اپنی کرپشن، گھناؤنے جرائم کو چھپانے کے لیے استعمال نہ کرے، سزا بالکل قانون اور ثبوت کے مطابق ہے، آج کے بعد پاکستان میں اتنی میگا کرپشن کرتے ہوئے کئی بار سوچا جائے گا۔

غیر قانونی طور پر وطن سے بھیجا گیا پیسہ عوام کا ہوتا ہے، اعظم نذیر تارڑ

اس موقع پر وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بند لفافے میں ایک دستاویز لائی گئی، ہر معاملے کو سیاست سے جوڑنا درست نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ٹرائل کورٹ نے فیصلے میں بڑے تحمل کا مظاہرہ کیا، شہزاد اکبر نے کہا یہ ایک خفیہ معاہدہ تھا، غیرقانونی طور پر وطن سے بھیجا گیا پیسہ عوام کا ہوتا ہے۔

’صدر مملکت عمران خان کی سزا معاف کر سکتے ہیں‘

وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے نجی ٹی وی چینل ’آے آر وائے نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 190 ملین پاؤنڈز کیس ایک قانونی معاملہ ہے، پاکستان تحریک انصاف میں اتنی سیاسی پختگی ہونی چاہیے کہ و ہ عدالتی معاملات کو سیاسی معاملات سے نہ جوڑے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اس پوزیشن میں نہیں کہ 190 ملین پاؤنڈز کیس میں 14 سال قید کی سزا کے بعد عمران خان کے لیے حکمنامہ جاری کرے مگر ’ہاں ایک شخص کے پاس یہ اختیار ہے۔‘

وزیر قانون نے کہا کہ ’قیدی اور سربراہ مملکت یعنی صدر کے درمیان یہ معاملہ ہوسکتا ہے، اگر عمران خان صدر آصف علی زرداری کو پرسی پٹیشن (رحم کی اپیل) دیں تو وہ انہیں معافی دلا سکتے ہیں، میں قانون کا طالبعلم ہوں، مزید اس پر بات نہیں کروں گا۔‘

انہوں نے کہا کہ ’آرٹیکل 45 کے تحت سربراہ مملکت یعنی صدر کے پاس یہ اختیار ہے اور اس پر عدالتی فیصلے بھی ہیں، اگر کوئی صدر کو رحم کی اپیل کرتا ہے اور صدر کو لگتا ہے کہ وہ رحم کے قابل ہے تو وہ معاف کر سکتے ہیں۔‘

190 ملین پاؤنڈ کا فیصلہ

قبل ازیں راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں قائم احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے 190 ملین پاؤنڈ کے ریفرنس میں بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کو مجرم قرار دیتے ہوئے 14 سال اور ان کی اہلیہ مجرمہ بشریٰ بی بی کو 7 سال قید کی سزا سنائی، جس کے بعد بشریٰ بی بی کو کمرہ عدالت سے گرفتار کرلیا گیا۔

احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے عمران خان پر 10 لاکھ اور بشریٰ بی بی پر 5 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا، جرمانے کی عدم ادائیگی پر عمران خان کو مزید 6 ماہ جب کہ مجرمہ بشریٰ بی بی کو 3 ماہ کی قید کی سزا بھگتنا ہوگی۔

علاوہ ازیں احتساب عدالت نے القادر یونیورسٹی کو بھی سرکاری تحویل میں لینے کا حکم جاری کر دیا ہے۔

1000 حروف

معزز قارئین، ہمارے کمنٹس سیکشن پر بعض تکنیکی امور انجام دیے جارہے ہیں، بہت جلد اس سیکشن کو آپ کے لیے بحال کردیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 18 جنوری 2025
کارٹون : 17 جنوری 2025