بلوچستان ہائیکورٹ میں ایڈیشنل ججز کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری
بلوچستان ہائی کورٹ میں ایڈیشنل ججز کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔
ڈان نیوز کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری کی منظوری سے وزارت قانون نے نوٹی فکیشن جاری کر دیا۔
نوٹی فکیشن کے مطابق محمد آصف، محمد ایوب خان اور محمد نجم الدین مینگل بلوچستان ہائی کورٹ میں ایڈیشنل جج تعینات ہو گئے۔
نوٹی فکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ تینوں ججز کو ایک سال کے لیے بلوچستان ہائی کورٹ میں تعینات کیا جاتا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں بلوچستان ہائی کورٹ میں ایڈیشنل ججز کے لیے محمد آصف ریکی، نجم الدین مینگل، محمد ایوب کے ناموں پر اتفاق کیا گیا تھا۔
اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ جوڈیشل کمیشن نے دوسرے اجلاس میں سپریم کورٹ کے ایڈووکیٹس محمد آصف اور محمد ایوب خان کو متفقہ طور پر بلوچستان ہائی کورٹ میں ایڈیشنل ججز کے لیے نامزد کیا جبکہ کثرت رائے سے ایڈووکیٹ سپریم کورٹ محمد نجم الدین مینگل کے نام پر اتفاق کیا گیا۔