سیف علی خان حملہ: گرفتارمؤکل کے بنگلہ دیشی ہونے کے دعوے جھوٹے ہیں، وکیل
بولی وڈ اسٹار سیف علی خان پر حملے کے الزام میں پولیس کی جانب سے گرفتار کیے گئے مبینہ حملہ آور کے وکیل نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کے مؤکل کے بنگلہ دیشی ہونے سے متعلق پولیس کا دعویٰ بے بنیاد ہے۔
تاہم اب معاملے نے نیارخ اختیارکرلیا، پولیس کے زیرحراست محمد شریف الاسلام شہزاد کے وکیل نے اپنے مؤکل پر لگائے گئے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے پولیس کی تحقیقات پر بھی سوال اٹھا دیے۔
ٹائمزآف انڈیا کے مطابق سیف علی خان پر حملہ کیس کے مبینہ ملزم کے وکیل سندیپ شیکھانے کا کہنا ہے کہ پولیس بناچھان بین اورٹھوس شواہد ان کے مؤکل کو بنگلہ دیشی شہری بتا رہی ہے۔
سندیپ شیکھانے کا مزید کہنا تھا کہ عدالت نے صرف5 روز کے لیے محمد شریف الاسلام شہزاد کو پولیس کی تحویل میں رکھنے کی اجازت دی ہے جب کہ اسی عرصے میں پولیس کو تمام شواہد جمع کروانے کی بھی تاکید کی گئی ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کے مؤکل سے متعلق پولیس کا دعویٰ غلط ہے کہ وہ بنگلہ دیشی ہیں، ان کے مؤکل گزشتہ 7 سال سے اہل خانہ سمیت ممبئی میں رہائش پذیر ہیں۔
اگرچہ مبینہ ملزم کے وکیل نے پولیس کے دعووں کو جھوٹا قرار دیا اور کہا کہ ان کے مؤکل کے بنگلہ دیشی ہونے سے متعلق دعویٰ غلط ہے، تاہم انہوں نے اپنے مؤکل کی شہریت کی وضاحت نہیں کی کہ ان کے پاس کہاں کی شہریت ہے؟
خیال رہے کہ ممبئی پولیس نے 19جنوری کو محمد شریف الاسلام شہزاد کو گرفتار کرنے کے کچھ گھنٹوں بعد ان کے بنگلہ دیشی شہری ہونے کا شبہ ظاہر کیا تھا۔
ممبئی پولیس کا کہنا تھا کہ ملزم کو ممبئی کے مضافات سے گرفتار کیا گیا، جو وجے داس کا نام استعمال کررہا تھا لیکن اس کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ اس کا اصلی نام محمد شریف الاسلام شہزاد ہے۔
مبینہ حملہ آور کے حوالے سے پولیس کا مزید کہنا تھا کہ وہ 5 یا 6 ماہ قبل بنگلہ دیش سے ممبئی آئے اور ایک ہاؤس کیپنگ ایجنسی میں کام کرتے رہے لیکن شہزاد کے وکیل کا تمام الزامات کو بے بنیاد ٹھہراتے ہوئے کہنا ہے کہ ان کے مؤکل گزشتہ سات برس سے زائد عرصے سے اپنے خاندان کے ساتھ ممبئی میں مقیم ہیں۔
سیف علی خان پر 16 جنوری کی رات دیر گئے گھر میں گھس کر حملہ کیا گیا تھا اور پولیس نے پہلے بھی ایک مبینہ ملزم سے تفتیش کی تھی، تاہم اسے گرفتار نہیں کیا گیا تھا۔
اب پولیس نے ایک مبینہ ملزم کو گرفتار کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ سیف علی خان پر حملہ کرنے والے ملزم کو تعلق بنگلہ دیش سے ہو سکتا ہے۔