مالی سال 25-2024 کی پہلی ششماہی میں ٹیسکٹائل کی برآمد میں 9.6 فیصد اضافہ
جولائی تا دسمبر مالی سال 25-2024 کی پہلی ششماہی میں ٹیکسٹائل اور ملبوسات کی برآمدات میں 9.67 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق ادارہ شماریات پاکستان کی جانب سے جاری اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ ٹیکسٹائل برآمدات میں اگست میں 13 فیصد، ستمبر میں 17.92 فیصد، اکتوبر میں 13.11 فیصد، نومبر میں 10.81 فیصد اور دسمبر میں 5.55 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، تاہم مالی سال کے پہلے مہینے جولائی میں برآمدات میں 3.09 فیصد کمی واقع ہوئی۔
تجارتی ماہرین کا خیال ہے کہ رواں مالی سال میں سخت ٹیکس اقدامات کے نفاذ کی وجہ سے اس شعبے کو علاقائی حریفوں کے ساتھ مقابلہ کرنے کے لیے سخت جدوجہد کرنا پڑے گی، تاہم بنگلہ دیش سے رسد میں خلل نے پاکستانی ملبوسات کی طلب میں بھی اضافہ کیا ہے۔
ٹیکسٹائل کمپنیوں کے مطابق ڈھانچہ جاتی مسائل کی وجہ سے 25 ارب ڈالر کی صلاحیت کے باوجود ٹیکسٹائل اور ملبوسات کی برآمدات گزشتہ 2 سالوں سے مستحکم ہیں۔
جولائی تا دسمبر مالی سال 25-2024 کے دوران ٹیکسٹائل اور ملبوسات کی برآمدات 9.67 فیصد اضافے کے ساتھ 9.08 ارب ڈالر رہیں جو گزشتہ سال کے اسی عرصے میں 8.28 ارب ڈالر تھیں۔
حکومت نے 25-2024 میں برآمد کنندگان کی آمدنی پر ٹیکس کی شرح بڑھانے سمیت متعدد اقدامات متعارف کرائے ہیں، وہ کئی مہینوں سے زیر التوا ریفنڈ / ریبیٹ ادائیگیوں کے جلد اجرا کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
ادارہ شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 2025 کے 6 ماہ کے دوران ریڈی میڈ گارمنٹس کی برآمدات میں قیمت کے لحاظ سے 22.48 فیصد اور مقدار میں 10 فیصد اضافہ ہوا جبکہ بُنے ہوئے ملبوسات کی قیمت میں 18.42 فیصد اور مقدار میں 8.87 فیصد اضافہ ہوا، بیڈ ویئر کی قیمت میں 14.75 فیصد اور مقدار میں 14.27 فیصد اضافہ ہوا۔
مالی سال 2025 کے 6 ماہ کے دوران تولیے کی برآمدات میں قیمت کے لحاظ سے 5.97 فیصد اور مقدار کے لحاظ سے 5.65 فیصد اضافہ ہوا جبکہ سوتی کپڑے کی قیمت میں بالترتیب 4.10 فیصد اضافہ اور مقدار میں 1.70 فیصد کمی ہوئی۔
مالی سال 2025 کے 6 ماہ میں دھاگے کی برآمدات میں 37.96 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ تولیے کو چھوڑ کر تیار کردہ اشیا کی قیمتوں میں 9.36 فیصد اور خیموں، کینوس اور ترپالوں میں 9.55 فیصد اضافہ ہوا، اس عرصے کے دوران خام کپاس کی برآمدات میں 98.85 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
مصنوعی فائبر کی درآمد میں 3.67 فیصد اور مصنوعی ریشمی دھاگے کی درآمد میں 9.86 فیصد اضافہ ہوا تاہم دیگر ٹیکسٹائل اشیا کی درآمدات میں 71.64 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
خام کپاس کی درآمد میں ایک سال قبل کے مقابلے میں 154.93 فیصد اضافہ ہوا، تاہم ان مہینوں کے دوران استعمال شدہ کپڑوں کی درآمدات میں 20.49 فیصد اضافہ ہوا۔
رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران ٹیکسٹائل مشینری کی درآمدات میں بھی گزشتہ سال کے مقابلے میں 53.90 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
جولائی تا دسمبر مالی سال 25 کے دوران ملکی برآمدات 11.04 فیصد اضافے کے ساتھ 16.64 ارب ڈالر رہیں جو گزشتہ سال کے اسی عرصے میں 14.98 ارب ڈالر تھیں۔