خیبرپختونخوا: گورنر کے بجائے وزیراعلیٰ جامعات کے چانسلر ہوں گے، نیا قانون لاگو
خیبرپختونخوا یونیورسٹیز ترمیمی بل 2024 باقاعدہ قانون بن گیا جس کے تحت گورنر کے بجائے اب وزیراعلیٰ جامعات کے چانسلر ہوں گے، اسمبلی سیکریٹریٹ نے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا۔
ڈان نیوز کے مطابق خیبرپختونخوا یونیورسٹی ایکٹ ترمیمی بل پرگورنر فیصل کریم کنڈی کا اعتراض نظر انداز کردیا گیا، اسپیکر نے اختیارات استعمال کرکے بل کا اعلامیہ جاری کردیا، گورنر نے ترمیمی بل پر منی بل نہ ہونے کا اعتراض لگا کر واپس کیا تھا۔
ترمیم کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا یونیورسٹیز کے چانسلرہوں گے، خیبرپختونخوا یونیورسٹی ایکٹ ترمیمی بل 2024 باقاعدہ قانون کا حصہ بن گیا۔
ترمیمی بل سے قبل گورنر خیبرپختونخوا جامعات کے چانسلر تھے، ترمیمی بل کے تحت چانسلر کی مدت 3 سال سے بڑھا کر 4 سال ہوگی جب کہ رجسٹرار کے عہدے پر گریڈ 17 کے بیوروکریٹ کی بھی تعنیاتی ہوسکے گی۔
واضح رہے کہ خیبرپختونخوا اسمبلی نے گزشتہ دنوں خیبرپختونخوا یونیورسٹیز ترمیمی بل 2024 پاس کرکے منظوری کے لیے گورنر کو بھیجا تھا تاہم فیصل کریم کنڈی نے بل اعتراض کے ساتھ واپس کردیا تھا۔