اولاد نہ ہونے پر طعنے دیے گئے، حنا خواجہ بیات
سینیئر اداکارہ حنا خواجہ بیات نے انکشاف کیا ہے کہ اولاد نہ ہونے پر نہ صرف انہیں طعنے دیے گئے بلکہ ان کے مرحوم شوہر کا بھی مذاق اڑایا جاتا رہا۔
حنا خواجہ بیات نے حال ہی میں سما ٹی وی کے مارننگ شو میں شرکت کی، جہاں انہوں نے شادی شدہ جوڑوں کے ہاں بچوں کی پیدائش سے متعلق سماجی دباؤ پر بھی بات کی۔
انہوں نے کہا کہ وہ شادی شدہ جوڑے خوش قسمت ہوتے ہیں، جن کے ہاں شادی کے چند سال بعد بچوں کی پیدائش ہوتی ہے، اگر ان کے ہاں بچے نہ ہوں تو سماج والے ان کی زندگی مشکل بنا دیتے ہیں۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ ان کی اپنی کوئی اولاد نہیں، اس وجہ سے انہیں طعنے دیے جاتے رہے، انہیں کہا جاتا رہا کہ ان جیسی لڑکیاں کیریئر بنانے کے چکر میں لگی رہتی ہیں، انہیں خاندان کی کوئی پرواہ نہیں ہوتی۔
انہوں نے واضح کیا کہ ان کے شادی کے بعد بچے نہ ہونے پر ان کے اپنے اور ان کے شوہر کے اہل خانہ کو کوئی پریشانی نہیں رہی۔
حنا خواجہ بیات کے مطابق انہیں کبھی اپنے والدین یا سسرال والوں نے اولاد نہ ہونے کے طعنے نہیں دیے لیکن دوسرے لوگ انہیں طعنے دیتے رہے۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ طعنے دینے والے افراد کو اس بات کا علم ہی نہی ہوتا کہ اگر کسی کے ہاں اولاد نہیں ہو رہی تو ان کے ہاں کیا مسئلہ ہے، وہ اپنی زہریلی باتیں کرتے رہتے ہیں۔
سینیئر اداکارہ نے کہا کہ کچھ لوگ ایسے بھی ہوتے ہیں جو اولاد نہ ہونے پر مرد حضرات کے ساتھ گندے اور برے مذاق بھی کرتے ہیں، ایسے مذاق بعض اوقات دوسروں کی تکلیف کا سبب بھی بنتے ہیں۔
حنا خواجہ بیات کا کہنا تھا کہ اولاد نہ ہونے پر ان کے شوہر کے ساتھ بھی لوگ بظاہر مذاق کرتے تھے لیکن درحقیقت وہ انہیں طعنے دے کر تکلیف پہنچا رہے ہوتے تھے۔
انہوں نے یہ بھی شکوہ کیا کہ بعض لوگوں نے انہیں کسی بچے کو گود نہ لینے پر بھی طعنے دیے۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ کچھ لوگوں نے انہیں کہا کہ اگر ان کےہاں بچے نہیں ہوئے تو انہوں نے دوسرے بچوں کو گود کیوں نہیں لیا؟
حنا خواجہ بیات کی جانب سے اولاد نہ ہونے پر طعنے دیے جانے کی بات کرنے کی ویڈیو وائرل ہوگئی اور صارفین نے اس پر ملے جلے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے اداکارہ کے ساتھ اظہار ہمدردی بھی کیا۔