کراچی: نیشنل اسٹیڈیم میں شاہد آفریدی، یونس خان کے نام سے انکلوژر منسوب کرنے کا فیصلہ
نیشنل بینک کرکٹ اسٹیڈیم کراچی میں پاکستان کے مایہ ناز کھلاڑیوں شاہد خان آفریدی اور سابق کپتان یونس خان کے نام سے انکلوژر منسوب کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
ڈان نیوز کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کہا ہے کہ نیشنل بینک اسٹیڈیم میں ایک انکلوژر اسٹار کرکٹر شاہد آفریدی کے نام سے منسوب ہوگا جبکہ ایک انکلوژر سابق کپتان یونس خان کے نام سے ہوگا۔
رپورٹ کے مطابق نئے بننے والے پیٹرن انکلوژر کو ظہیر عباس اور ماجد خان کے نام سے منسوب کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ چیمپئنز ٹرافی 2025 سے قبل قذافی اسٹیڈیم لاہور اور نیشنل بینک کرکٹ اسٹیڈیم کراچی میں تزئین و آرائش کا کام جاری ہے۔
قذافی اسٹیڈیم اور نیشنل بینک اسٹیڈیم کی تزئین و آرائش
دوسری جانب چیمپئنز ٹرافی کے لیے لاہور میں قذافی اسٹیڈیم کی گنجائش 35 ہزار تماشائیوں تک بڑھا دی گئی ہے اور پورے اسٹیڈیم میں نئی کرسیاں بھی لگائی گئی ہیں، اسٹیڈیم میں براڈکاسٹ کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے 480 جدید ایل ای ڈی لائٹس نصب کی گئی ہیں جو شائقین کو شاندار کھیل دکھانے میں اہم کردار ادا کریں گی۔
علاوہ ازیں تماشائیوں کے تجربے کو مزید بہتر بنانے کے لیے 2 بڑے ڈیجیٹل ری پلے اسکرینز آئندہ ہفتے نصب کی جائیں گی، قذافی اسٹیڈیم کا تعمیراتی کام جنوری کے آخری ہفتے میں مکمل ہوگا۔
لاہور کے اسٹیڈیم کی طرح کراچی کے نیشنل بینک کرکٹ اسٹیڈیم میں بھی تعمیراتی کام جاری ہے، اسٹیڈیم میں کھلاڑیوں اور آفیشنلز کے لیے نیا انکلوژر بھی بنایا گیا ہے، اس کے علاوہ 350 ایل ای ڈی لائٹس نصب کی گئی ہیں تاکہ فینز بہترین کھیل سے محظوظ ہوسکیں۔
اسٹیڈیم میں دو ڈیجیٹل ری پلے اسکرینز پہلے ہی نصب کی جاچکی ہیں جبکہ 5 ہزار نئی کرسیوں کو بھی لگایا گیا ہے۔
اسٹیڈیمز میں تزئین و آرائش کے ساتھ ساتھ پچ اور آؤٹ فیلڈ کو بہتر بنانے کے لیے آسٹریلوی کیوریٹر ٹونی ہیمنگ کی سربراہی میں پی سی بی کیوریٹرز نے بھرپور محنت کی ہے۔
خیال رہے کہ منی ورلڈ کپ کے نام سے مشہور آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کا آغاز 19 فروری سے پاکستان میں ہو رہا ہے جب کہ بھارت اپنا پہلا میچ 20 فروری کو بنگلہ دیش کے خلاف دبئی میں کھیلے گا۔
پاکستان نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے ساتھ ایک معاہدے کے تحت ہائبرڈ ماڈل پر رضامندی ظاہر کی تھی، جس کے تحت پاکستان اور بھارت کے درمیان 2028 تک تمام انٹرنیشنل ایونٹ نیوٹرل وینیو پر ہوں گے، لہٰذا چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے بھارت کے تمام میچز متحدہ عرب امارات میں کھیلے جائیں گے۔
چیمیئنز ٹرافی 2025
واضح رہے کہ آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ 1996 اور 2008 کے ایشیا کپ کے بعد پاکستان کو ایک عرصے بعد پہلی بار چیمپئنز ٹرافی 2025 کی صورت میں آئی سی سی کے کسی بڑے ایونٹ کی میزبانی ملی ہے۔
بھارت نے ایشیا کپ 2008 کے بعد سے پاکستان میں کوئی میچ نہیں کھیلا، جب کہ 13-2012 میں پاکستان کے دورہ بھارت کے بعد سے دونوں ممالک کے درمیان کوئی دو طرفہ سیریز بھی نہیں کھیلی گئی ہے۔
گزشتہ سال بھی ایشیا کپ کی میزبانی پاکستان کو ملی تھی لیکن بھارت نے پاکستان آنے سے صاف انکار کردیا تھا جس کے بعد ہائبرڈ ماڈل کے تحت بھارت کے تمام میچز سری لنکا میں شیڈول کیے گئے تھے، جہاں کولمبو میں کھیلے گئے فائنل میں بھارت نے آسانی سے سری لنکا کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا تھا۔
پاکستان اس چیمپئنز ٹرافی میں دفاعی چیمپئن کے طور پر شریک ہوگا، آخری بار چیمپئنز ٹرافی 2017 میں ہوئی تھی جو پاکستان نے سرفراز احمد کی قیادت میں جیتی تھی۔