• KHI: Zuhr 12:46pm Asr 4:43pm
  • LHR: Zuhr 12:16pm Asr 4:02pm
  • ISB: Zuhr 12:22pm Asr 4:03pm
  • KHI: Zuhr 12:46pm Asr 4:43pm
  • LHR: Zuhr 12:16pm Asr 4:02pm
  • ISB: Zuhr 12:22pm Asr 4:03pm

ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرا ٹیسٹ میچ بھی جیتنے کیلئے میدان میں اتریں گے، سعود شکیل

شائع January 23, 2025
— فوٹو: پی سی بی
— فوٹو: پی سی بی

پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے نائب کپتان سعود شکیل نے کہا ہے کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرا ٹیسٹ میچ بھی جیتنے کے لیے میدان میں اتریں گے۔

ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی ٹیسٹ ٹیم کے نائب کپتان کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ میچ میں سب اہم چیز بڑا سکور کرنا ہوتا ہے، جب آپ اس طرح کی کنڈیشن میں بڑا اسکور کرنے میں کامیاب ہوجاتے ہیں تو میچ میں گرفت مضبوط ہوجاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں جیت کے بعد ڈریسنگ روم کا اس وقت ماحول بہت اچھا ہے اور ہم مہمان ٹیم کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں بڑے اسکور کی اپروچ سے کھیلیں گے، کنڈیشن کو دیکھتے ہوئے اسکور کرنے کی کوشش کریں گے، ایسی پیچز پر 500 رنز کرنا مشکل ہوتا ہے لیکن 300 سے 400 کے درمیان رنز کرنے والی ٹیم میچ میں ان ہوتی ہے۔

آئی سی سی بیٹنگ رینکنگ میں ٹاپ ٹین میں موجود ہونے سے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھا کہ ہمیشہ کوشش ہوتی ہے کہ میری کارکردگی سے ٹیم جیتے اور رینکنگ بھی بہتر کرنا ضروری ہوتا ہے لیکن اس کے ساتھ اگر ٹیم جیت بھی رہی ہے تو یہ میرے لیے سب سے اہم ہے اور میرا فوکس بھی اس پر ہے۔

سعود شکیل نے کہا کہ دوسرے ٹیسٹ میچ بھی جیتنے کے لیے پوری ٹیم پر امید ہے اور جب ٹیم جیت رہی ہوتی ہے تو یہی کوشش ہوتی ہے کہ اسی پلینگ الیون کو برقرار رکھا جائے لیکن پچ کی کنڈیشن اگر وہی ہوئی تو میرا نہیں خیال کہ کوئی تبدیلی کرنی کی ضرورت ہے، سب لڑکے کارکردگی دکھارہے ہیں۔

پچ سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ملتان کی پچ کافی مشکل ہے، ہمیں ڈومیسٹک میں بھی اس طرح کی پچز ملنی چاہیں، اسپن کی پریکٹس کرنا آسان ہے،گھاس والی پچ پر نیا گیند بہت اہم ہوتا ہے، نئے گیند پر بیٹنگ کرنا مشکل ہوتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بلے باز مشکلات کا شکار اس لیے ہیں کہ پچ آسان نہیں ہے، انگلینڈ والی سیریز میں بھی اس طرح کی پچز تھی اور سامنے والے ٹیم بھی انٹرنیشنل ٹیم ہے وہ بھی آپ کو چیلنج کرنے کی کوشش کرے گی۔

واضح رہے کہ 2023 سے 2025 کے حالیہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں سعود شکیل پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ اسکور کرنے والے کھلاڑی ہیں، انہوں نے اب تک ایک ہزار 33 رنز بنا رکھے ہیں۔

اس سے قبل ملتان میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 127 رنز سے شکست دے کر سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر رکھی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 5 فروری 2025
کارٹون : 4 فروری 2025