بلوچستان: گلستان میں ایف سی قلعے میں دراندازی کی کوشش ناکام، 2 دہشتگرد ہلاک
سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع قلعہ عبداللہ کے علاقے گلستان میں فرنٹیئر کور (ایف سی) کے قلعے میں نامعلوم مسلح افراد کی دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 2 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق حکام نے بتایا کہ مسلح افراد کے ایک گروپ نے کوئٹہ۔چمن قومی شاہراہ پر واقع گلستان میں ایف سی کے قلعے پر حملہ کیا، اور مقامی آبادی پر فائرنگ کرنے کے علاوہ دستی بم بھی پھینکے۔
تاہم سیکیورٹی فورسز نے فوری طور پر جوابی کارروائی کی، حملہ آوروں اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
ایک عہدیدار نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز نے ایف سی قلعے کے احاطے کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرنے والے 2 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، حملہ آور علاقے میں بدامنی پیدا کرنا چاہتے تھے، لیکن سیکیورٹی فورسز کی فوری جوابی کارروائی کی وجہ سے ان کی کوششوں کو ناکام بنا دیا گیا۔
حکام کے مطابق فائرنگ کا تبادلہ کچھ دیر تک جاری رہا تاہم صورتحال پر قابو پالیا گیا، اس دوران علاقے میں اضافی دستے بھیجے گئے اور چمن سے لیویز اہلکار بھی پہنچے۔
بلوچستان میں 6 افراد جاں بحق
ادھر بلوچستان کے علاقے مستونگ، ژوب، بولان اور تربت میں مسلح تصادم، فائرنگ اور پولیس مقابلے میں ایک پولیس افسر اور ایک ڈاکو سمیت 6 افراد جاں بحق ہوگئے۔
پولیس حکام کے مطابق مستونگ شہر کے مضافات میں واقع چھوٹو ملز کے علاقے میں فائرنگ کے تبادلے میں ایک کانسٹیبل شہید اور ایک ڈاکو ہلاک ہوگیا۔
حکام نے بتایا کہ مسلح ڈاکو ایک پک اَپ چھین کر فرار ہوگئے تھے، گاڑی کے مالک نے چوری کی اطلاع مقامی پولیس کو دی جس نے ڈاکوؤں کا پیچھا کرنا شروع کردیا، ڈاکوؤں نے فائرنگ کی جس کے بعد پولیس کو جوابی فائرنگ کرنی پڑی، ایک گھنٹے تک جاری رہنے والی فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں ایک ڈاکو مارا گیا۔
فائرنگ کے تبادلے میں کانسٹیبل شوکت جان شاہوانی شہید، جب کہ 2 گاڑیوں کے مالک زخمی ہوگئے، پولیس افسر اور نامعلوم ڈاکو کی لاشیں مستونگ کے ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کردی گئیں۔ مزید تحقیقات جاری ہیں۔
ایک اور واقعے میں نامعلوم مسلح افراد نے تربت کے علاقے جوسک میں سی پیک ہائی وے کو بلاک کردیا، اور مسافر بسوں سمیت تمام گزرنے والی گاڑیوں کی تقریباً 2 گھنٹے تک تلاشی لی۔
اس دوران مسلح افراد نے ایک شخص کو زبردستی گاڑی سے اتار ا اور بعد میں اسے قتل کر دیا، جس کی شناخت پنجاب کے علاقے تونسہ شریف کے رہائشی محمد شریف کے نام سے ہوئی، ان کی لاش کو تربت ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی علاقے میں سیکیورٹی فورسز کو تعینات کردیا گیا اور سرچ آپریشن شروع کردیا گیا۔
ژوب میں نامعلوم حملہ آوروں نے 2 افراد کو گولی مار کر ہلاک کر دیا، پولیس کے مطابق مسلح افراد نے ژوب بس اسٹیشن کے قریب ایک گاڑی پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 2 مسافر جاں بحق ہوگئے، جن کی شناخت سہیل حارث اور محمد صالح کے نام سے ہوئی ہے، ان کی لاشوں کو میڈیکو لیگل پروسیجر کے لیے ضلعی ہسپتال بھیج دیا گیا۔
بولان کے علاقے سانی میں 2 قبائلی گروہوں کے درمیان مسلح تصادم میں ایک شخص ہلاک ہوگیا، لیویز حکام کا کہنا ہے کہ یہ تصادم دونوں قبائل کے درمیان زمین کے تنازع کی وجہ سے ہوا تھا۔