کراچی ایئرپورٹ سے عمرے کی ادائیگی، ورک ویزوں پر بیرون ملک جانیوالے 128 مسافر آف لوڈ
کراچی ایئرپورٹ سے عمرہ اور ورک ویزوں پر بیرون ملک جانے والے 128 مسافروں کو آف لوڈ کر دیا گیا۔
ڈان نیوز کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے امیگریشن سیل نے گزشتہ 48 گھنٹے کے دوران کراچی ایئرپورٹ سے مختلف ممالک کو جانے والے 128 مسافروں کو آف لوڈ کیا۔
امیگریشن ذرائع کے مطابق عمرے کی ادائیگی کے لیے سعودیہ جانے والے 23 افراد، اس کے علاوہ آذربائیجان، سعودیہ، ترکیہ، قبرص، بحرین، ملائشیا، تھائی لینڈ، سری لنکا، سنگاپور، مالوی، برونڈی، کانگو، عمان، بوٹسوانا، انڈونیشیا، البانیہ اورمڈغاسکر جانے والے افراد کو بھی آف لوڈ کر دیا گیا۔
واضح رہے کہ 22 جنوری 2025 کو وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے ہیڈکوارٹرز سے 20 سال بعد انسانی اسمگلنگ روکنے کے لیے ایڈوائزری جاری کی گئی تھی۔
ایف آئی اے کی ایڈوائزری کے تحت پاکستان اور آزاد کشمیر کے 9 شہروں اور 2 غیر ملکی ایئر لائنز کے مسافروں کی کڑی نگرانی کی ہدایات جاری کی گئی تھیں۔
جن 9 شہروں کی نگرانی کی جانی ہے ان میں منڈی بہاالدین، گجرات، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، جہلم، ٹوبہ ٹیک سنگھ، حافظ آباد، شیخوپورہ اور بھمبر شامل ہیں۔
پہلی بار بیرون ملک جانے والے 15 سے 40 سال کی عمر کے مسافروں کی نگرانی سخت کرنے کی ہدایت سامنے آئی تھیں۔
رپورٹ کے مطابق لیبیا، ایران، موریطانیہ، عراق، ترکیہ، قطر، کویت اور کرغزستان جانے والے مسافروں کی پروفائلنگ کرنے کا حکم بھی سامنے آیا تھا۔
ایف آئی اے کی ایڈوائزری میں مزید کہا گیا تھا کہ ریٹرن ٹکٹس اور ہوٹل بکنگ سمیت تمام دستاویزات کی مکمل چھان بین کی جائے، وزٹ یا سیاحتی ویزوں پر خصوصی توجہ کے ساتھ دستاویز کی چھان بین کی جائے۔