• KHI: Maghrib 6:15pm Isha 7:34pm
  • LHR: Maghrib 5:35pm Isha 6:58pm
  • ISB: Maghrib 5:36pm Isha 7:02pm
  • KHI: Maghrib 6:15pm Isha 7:34pm
  • LHR: Maghrib 5:35pm Isha 6:58pm
  • ISB: Maghrib 5:36pm Isha 7:02pm

کم عمری کی شادی کے کیس میں غلط بیانی پر تفتیشی افسر سندھ ہائیکورٹ سے گرفتار

شائع January 28, 2025
والدین نے بیٹی کے اغوا اور جبری شادی کیخلاف پنوعاقل میں مقدمہ درج کروایا تھا — فائل فوٹو: ڈان اخبار
والدین نے بیٹی کے اغوا اور جبری شادی کیخلاف پنوعاقل میں مقدمہ درج کروایا تھا — فائل فوٹو: ڈان اخبار

سندھ ہائی کورٹ نے کم عمری کی شادی کے مقدمے میں غفلت برتنے اور غلط بیانی کرنے پر مقدمے کے تفتیشی افسر (آئی او) کو گرفتار کروا دیا، عدالتی حکم کے باوجود پولیس نکاح خواں کو گرفتار کرنے میں ناکام رہی۔

ڈان نیوز کے مطابق عدالت عالیہ سندھ میں سماعت کے دوران فاضل جج نے نکاح خواں اور گواہ کی عدم پیشی سے متعلق استفسار کیا تو تفتیشی افسر نے بتایا کہ ان سے رابطہ تاحال نہیں ہوسکا، جب کہ کمسن بچی کی میڈیکل رپورٹ بھی عدالت میں پیش نہیں کی گئی۔

سندھ ہائی کورٹ نے غلط بیانی کرنے پر تفتیشی افسر کو حراست میں لینے کا حکم دیا، جس کے بعد پولیس حکام نے آئی او کو گرفتار کرلیا۔

کمسن بچی کے والدین نے اپنی بیٹی کے اغوا اور جبری شادی کے خلاف پنوعاقل میں مقدمہ درج کروایا تھا، جب کہ لڑکی نے مقدمہ ختم کرنے کا اور تحفظ کے لیے سندھ ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔

والدین نے عدالت کو بتایاکہ ان کی بیٹی کی عمر 15 سال ہے، فرسٹ ایئر میں پڑھتی ہے، بیٹی کو اغوا کرکے شادی کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ مئی 2024 میں لاہور ہائی کورٹ نے کم عمر لڑکیوں کا نکاح رجسٹر کرنے کے حوالے سے اہم فیصلہ دیتے ہوئے نکاح رجسٹرار کے خلاف کارروائی کا حکم دیا تھا۔

جسٹس انوار الحق ہنوں نے شہری عظمت بی بی کی درخواست پر یہ اہم فیصلہ جاری کیا تھا۔

عدالت عالیہ نے اپنے فیصلے میں کہا تھا کہ کمسن بچوں کی شادی روکنے کے حوالے سے واضح احکام جاری کر رکھے ہیں، نکاح کے وقت رجسٹرار، نکاح خواں اور گواہوں کے پاس دلہن کی عمر کے متعلق دستاویزات موجود ہونا ضروری ہیں۔

اپنے فیصلے میں عدالت نے کہا تھا کہ عدالتی حکم کے باوجود کمسن بچوں کی شادیاں جاری ہیں، بظاہر نکاح رجسٹرار اور نکاح خواں عدالتی ہدایات کی پیروی نہیں کر رہے۔

لاہور ہائی کورٹ کا کہنا تھا کہ متعلقہ ادارے ایسے نکاح رجسٹرار اور نکاح خواں کے خلاف سخت کارروائی کریں۔

کارٹون

کارٹون : 30 جنوری 2025
کارٹون : 29 جنوری 2025