پولیس کیخلاف درخواست واپس لینے کیلئے چینی شہریوں کے حلف نامے سندھ ہائیکورٹ میں جمع
غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سندھ پولیس کی جانب سے ہراساں کرنے کے کیس میں 6 چینی باشندوں نے درخواست واپس لینے کے لیے سندھ ہائی کورٹ میں حلف نامےجمع کرا دیے۔
ڈان نیوز کے مطابق غیر ملکی باشندوں کی پاکستان میں موجود ایسوسی ایشن کے صدر بھی عدالت میں درخواستیں واپس لینے کے لیے حلف نامے جمع کرانے کے موقع پر موجود تھے۔
غیر ملکی شہریوں کے وکیل پیر رحمٰن ایڈووکیٹ نے صحافیوں کو بتایا کہ درخواست واپس لینے کی استدعا کل کریں گے۔
یاد رہے کہ 6 غیر ملکی شہریوں نے سندھ پولیس کی جانب سے ہراساں کیے جانے کے خلاف سندھ ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے 6 چینی شہریوں کی جانب سے پولیس ہراسانی اور ان کی نقل وحرکت پر پابندی کے خلاف ہائی کورٹ میں دائر درخواست پر ناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ اقدام پروٹوکول کے خلاف ہے۔
ڈان نیوز نے رپورٹ کیا تھا کہ سندھ اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ غیر ملکی شہریوں کو فارن ایکٹ پر عمل کرنا چاہیے اور چینی شہریوں کو بھی ایسا ہی کرنا چاہیے تھا، چینی شہریوں کی جانب سے دائر کی گئی درخواست قانونی طور پر درست نہیں۔
انہوں نے کہا تھا کہ چینی شہریوں کو اپنے قونصل جنرل یا دفتر خارجہ کے ذریعے اس معاملے سے رابطہ کرنا چاہیے تھا، جب کہ درخواست گزار نجی حیثیت میں پاکستان میں موجود ہیں اور ملک میں ان کی کوئی غیر ملکی سرمایہ کاری نہیں ہے۔