اسٹاک ایکسچینج میں مندی کا رجحان، انڈیکس 1500 پوائنٹس گر گیا
پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں آج بھی ٹریڈنگ کے دوران منفی رجحان برقرار رہا اور بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس میں تقریباً 1500 پوائنٹس کی تنزلی ہوئی۔
پی ایس ایکس ویب سائٹ کے مطابق کے ایس ای-100 انڈیکس 1490 پوائنٹس یا 1.31 فیصد کمی کے بعد ایک لاکھ 12 ہزار 30 پوائنٹس پر بند ہوا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی انڈیکس 1360 پوائنٹس نیچے آکر ایک لاکھ 13 ہزار 520 پوائنٹس پر آ گیا تھا۔
چیس سیکیورٹیز کے ڈائریکٹر ریسرچ یوسف ایم فاروق نے بتایا کہ آج مارکیٹ کا آغاز دباؤ کے ساتھ ہوا، اس کی وجہ گزشتہ روز وزیر پیٹرولیم کا بیان تھا، جس میں سرکاری ملکیتی اداروں کے منافع سے 82 ارب روپے استعمال کیے جائیں گے تاکہ صارفین کو بڑھنے ہوئے گیس کے اخراجات سے بچایا جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ اس بیان نے ’مارکیٹ میں خدشات کو جنم دیا ہے کہ حکومت ماضی کے طریقوں کی طرح عوام کو مطمئن کرنے کے لیے سرکاری ملکیتی اداروں کا استعمال کرنا چاہتی ہے۔
تاہم، انہوں نے خیال ظاہر کیا کہ ایسا عمل قانونی طور پر ممکن نہیں ہو سکتا۔
مزید برآں، یوسف ایم فاروق نے کہا کہ پچھلے سال اکتوبر سے دسمبر تک بڑے اضافے کے بعد مارکیٹ ’سانس لے رہی ہے‘، مزید کہنا تھا کہ اس طرح کی کرکشن معمول کی بات ہے۔
اے کے ڈی سیکیورٹیز کے ڈائریکٹر ریسرچ اویس اشرف نے نوٹ کیا کہ سرمایہ کار ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے پاکستان کو فراہم کی جانے والی امداد معطل کرنے کے فیصلے پر تشویش کا شکار ہیں۔