• KHI: Maghrib 6:15pm Isha 7:34pm
  • LHR: Maghrib 5:35pm Isha 6:58pm
  • ISB: Maghrib 5:36pm Isha 7:02pm
  • KHI: Maghrib 6:15pm Isha 7:34pm
  • LHR: Maghrib 5:35pm Isha 6:58pm
  • ISB: Maghrib 5:36pm Isha 7:02pm

نائب وزیراعظم کی چینی سفیر سے ملاقات، دوطرفہ تعلقات مضبوط بنانے کا عزم

شائع January 28, 2025
— فوٹو: دفتر خارجہ / ایکس
— فوٹو: دفتر خارجہ / ایکس

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحٰق ڈار نے چینی سفیر جیانگ زیدونگ سے ملاقات کی جس میں پاکستان اور چین کے دوطرفہ تعلقات کو مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

ڈان نیوز کے مطابق گزشتہ روز دفتر خارجہ سے جاری بیان میں چین کی پالیسیوں کے حوالے سے پاکستانی عزم کو نشانہ بنانے والے ’بے بنیاد الزامات‘ مسترد کرتے ہوئے زور دیا کہ بیجنگ اسلام آباد کا ہر موسم میں اسٹریٹجک پارٹنر ہے۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی جب چین مخالف گروپ نیو فیڈرل اسٹیٹ آف چائنا (این ایف ایس سی) کے زیر اہتمام امریکا میں ایک تقریب میں وزیر داخلہ محسن نقوی کی شرکت سے متعلق خبریں وائرل ہوئیں۔

ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے ون چائنا پالیسی کو پاکستان کی خارجہ پالیسی کا مستقل ستون قرار دیتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کا موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔

’پاکستان کے چین کے ساتھ مضبوط دو طرفہ تعلقات ہیں اور چین نے بہت سے سرمایہ کاری اور ترقیاتی منصوبوں کے ذریعے پاکستان کی مدد کی ہے جن میں چائنہ پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) سر فہرست ہے جسے ملکی معیشت کی ’لائف لائن‘ قرار دیا گیا ہے‘۔

وزیر خارجہ اسحٰق ڈار اور چینی سفیر کے درمیان آج ہونے والی ملاقات میں شراکت داری کا اعادہ کیا گیا جسے دونوں ممالک کے درمیان ’دوطرفہ تعلقات کی بنیاد‘ قرار دیا گیا۔

ملاقات کے دوران سی پیک کے دوسرے فیز پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اور فریقین نے اپنی اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔

واضح رہے دو روز قبل امریکا کے شہر ہیوسٹن میں میڈیا سے گفتگو کے دوران وفاقی وزیر داخلہ سینیٹر محسن نقوی نے واضح کیا کہ انہوں نے دورہ امریکا کے دوران کسی چین مخالف گروپ کی تقریب میں شرکت نہیں کی، نوجوانوں کی تقریب میں شرکت کو غلط رنگ دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکا میں ریاست پاکستان اور حکومت کے بارے میں بہت زیادہ گندگی پھیلائی جا رہی تھی، جسے صاف کرنا ضروری تھا، انہوں نے مخالفین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ سیاست کریں، وہ آپ کا حق ہے لیکن اس حد تک نہ جائیں کہ پاکستان کو نقصان اٹھانا پڑے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ میرے دورے کا مقصد امریکی سیاست دانوں سے مل کر دہشت گردی کے خلاف ایک موثر پلان بنانا ہے، دہشت گردی صرف پاکستان کی لڑائی نہیں یہ سب کی مشترکہ لڑائی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 30 جنوری 2025
کارٹون : 29 جنوری 2025