وزارتِ مذہبی امور نے حتمی حج پیکیج کا اعلان کر دیا
وزارتِ مذہبی امور نے حتمی حج پیکیج کا اعلان کر دیا، جس میں لانگ پیکیج کی حتمی قیمت 10 لاکھ 75 ہزار اور شارٹ حج پیکیج کے لیے 11 لاکھ پچاس ہزار روپے مقرر کیے گئے ہیں۔
ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق حج واجبات کی تیسری قسط یکم تا 10 فروری کو وصول کی جائے گی، سرکاری حج اسکیم میں محدود تعداد میں نشستیں باقی ہیں، نئی درخواستوں کی وصولی پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر 30 جنوری تک ممکن ہوں گی۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ شارٹ حج کی بکنگ مکمل ہوگئی ہے اور خالی نشستوں پر صرف لانگ حج پیکیج کی بکنگ ہو گی جب کہ پرائیویٹ عازمینِ حج کی بکنگ 31 جنوری تک جاری رہے گی۔
وزارت مذہبی امور نے ہدایت کی ہے کہ حج منظم کمپنیاں وزارت کے ای پورٹل پر نجی عازمین کا ڈیٹا فوری اپ لوڈ کریں اور ساتھ یہ بھی کہا ہے کہ عازمینِ حج نئی معلومات اور ہدایات کے لیے ’پاک حج 2025‘ موبائل ایپ ڈاون لوڈ کریں۔
واضح رہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان حج 2025 کے لیے طے پانے والے معاہدے کے تحت ایک لاکھ 79 ہزار 210 پاکستانی شہری رواں سال فریضہ حج ادا کریں گے۔
سعودی وزیر حج نے پاکستانی عازمین کو بہتر سہولتیں فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔
ترجمان کے مطابق وزارت مذہبی امور نت رواں سال سفر حج کو مزید قابل رسائی، آسان اور آرام دہ بنانے کے لیے 20 سے 25 دن کا مختصر حج پروگرام متعارف کرایا ہے۔