سندھ ہائیکورٹ کا کراچی کے ٹریفک سگنلز پر بھکاریوں کے خلاف گرینڈ آپریشن کا حکم
سندھ ہائیکورٹ نے پولیس کو ٹریفک سگنلز پر بھکاریوں کے خلاف گرینڈ آپریشن کا حکم دیتے ہوئے متنبہ کیا ہے کہ کراچی کے کسی بھی سگنل پر خواجہ سرا اور دیگر بھکاری موجود نہ ہوں۔
ڈان نیوز کے مطابق سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ نے ٹریفک سگنلز پر خواجہ سراؤں کے بھیک مانگنے کے خلاف درخواست پر احکامات جاری کرتے ہوئے پولیس کو ٹریفک سگنلز پر بھکاریوں کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا۔
سندھ ہائیکورٹ نے حکم دیا ہے کہ کراچی کے کسی بھی سگنل پر خواجہ سرا اور دیگر بھکاری موجود نہ ہوں، عدالت نے ڈی آئی جی ٹریفک کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ٹریفک سگنلز پر بھکاریوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔
عدالت نے قرار دیا ہےکہ بھکاری خواجہ سرا، مرد، خواتین اور بچے شہریوں کو نہ صرف پریشان بلکہ ہراساں کرتے ہیں، عدالت نے ہدایت کی ہے کہ ان تمام افراد کے خلاف کارروائی کی جائے جو شہریوں کو پریشان اور ہراساں کرتے ہیں۔