• KHI: Fajr 5:57am Sunrise 7:15am
  • LHR: Fajr 5:33am Sunrise 6:56am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:06am
  • KHI: Fajr 5:57am Sunrise 7:15am
  • LHR: Fajr 5:33am Sunrise 6:56am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:06am

شہباز شریف کی امریکی سرمایہ کاری وفد کو سازگار کاروباری ماحول کی یقین دہانی

شائع January 29, 2025
— فوٹو: ریڈیو پاکستان
— فوٹو: ریڈیو پاکستان

وزیر اعظم شہباز شریف نے امریکی سرمایہ کاروں کے وفد سے ملاقات کی اور سازگار کاروباری ماحول، تیز تر و پائیدار عملدرآمد اور مضبوط ادارہ جاتی تعاون کو یقینی بنا کر غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کرنے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا۔

سرکاری خبر رساں ادارے ’اے پی پی‘ نے وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری بیان کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ وزیراعظم شہباز شریف سے امریکی سرمایہ کاروں کے اعلی سطح کے وفد نے جینٹری بیچ کے زیر قیادت ملاقات کی۔

اس موقع پر نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحٰق ڈار، وفاقی وزرا محمد اورنگزیب، عبد العلیم خان، عطا اللہ تارڑ، وزیر مملکت علی پرویز ملک اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود تھے۔

اعلامیے کے مطابق ملاقات میں پاکستان کی سرمایہ کاری کی وسیع استعداد اور امید افزا اقتصادی صلاحیت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان میں کاروباری مواقع میں گہری دلچسپی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے سازگار کاروباری ماحول، تیز تر و پائیدار عملدرآمد اور مضبوط ادارہ جاتی تعاون کو یقینی بنا کر غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کرنے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا۔

اعلامیے میں مزید بتایا گیا کہ وزیراعظم نے پاکستان کے اسٹریٹجک جغرافیائی محل وقوع، ہنر مند، باصلاحیت اور نوجوان افرادی قوت اور تیزی سے پھیلتی ہوئی کنزیومر مارکیٹ پر روشنی ڈالتے ہوئے ہوئے عالمی سرمایہ کاری کی منزل کے طور پر ملک کے منفرد منظر نامے کا ذکر کیا۔

اس موقع پر جینٹری بیچ نے پاکستان کی بے پناہ اقتصادی صلاحیت کو سراہتے ہوئے کان کنی و معدنیات، قابل تجدید توانائی، بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور ٹیکنالوجی سمیت اہم شعبوں میں سرمایہ کاری کے متنوع مواقع تلاش کرنے میں دلچسپی کا ظاہر کی۔

انہوں نے حکومت کی سرمایہ کاری دوست پالیسیوں اور مستقبل میں ملک کی ترقی کی رفتار پر اعتماد کا اظہار کیا۔

جینٹری بیچ کا مزید کہنا تھا کہ یہ اعلیٰ سطح کی ملاقات براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے، پائیدار اقتصادی ترقی کو فروغ دینے اور پاکستان کے لوگوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے حوالے سے حکومت کی فعال کوششوں کی عکاسی کرتی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز امریکی سرمایہ کاروں کا اعلی سطح کا وفد 2 روزہ دورے پرپاکستان پہنچا تھا، اس دوران درمیان سرمایہ کاری کے کئی معاہدوں پر بھی دستخط کیے گئے تھے۔

امریکی سرمایہ کاروں کے وفد کی قیادت ٹیکساس ہیج فنڈ کے منیجر اور ٹرمپ خاندان کے قریبی بزنس پارٹنر جینٹری بیچ کر رہے ہیں۔

آج میڈیا سے بات کرتے ہوئے جینٹری بیج نے کہا تھا کہ امریکا پاکستان میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کرنا چاہتا ہے، جبکہ امریکی عوام کو پاکستان کی حقیقی تصویر نہیں دکھائی گئی، گزشتہ 4 سال میں بائیڈن انتظامیہ نے جو کیا وہ مناسب نہیں تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات دہائیوں پر محیط ہیں، صدر ٹرمپ کی سربراہی میں پاکستان کے ساتھ تعلقات کے نئے دورکا آغاز ہور ہا ہے، پاکستان سے متعلق غلط فہمیاں دور کرنے کی ضرورت ہے۔

کارٹون

کارٹون : 30 جنوری 2025
کارٹون : 29 جنوری 2025