افغانستان میں جدید امریکی ہتھیاروں کی موجودگی پاکستان کی سلامتی کیلئے باعث تشویش ہے، دفتر خارجہ
ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے کہا ہے کہ افغانستان میں امریکی جدید ہتھیاروں کی موجودگی پاکستان اور اس کے شہریوں کے تحفظ اور سلامتی کے لیے گہری تشویش کا باعث ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق امریکا کی جانب سے افغانستان میں چھوڑے گئے جدید ہتھیاروں کی واپسی کے فیصلے سے متعلق میڈیا کے سوالات پر ترجمان دفتر خارجہ کا ردعمل سامنے آگیا۔
شفقت علی خان کا کہنا تھا کہ اگست 2021 میں امریکی افواج کے افغانستان سے انخلا کے بعد وہ جدید ترین ہتھیار وہیں پر چھوڑ گئے تھے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ افغانستان میں امریکی جدید ہتھیاروں کی موجودگی پاکستان اور اس کے شہریوں کے تحفظ اور سلامتی کے لیے گہری تشویش کا باعث ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان جدید ہتھیاروں کو کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سمیت دیگر دہشت گرد تنظیمیں پاکستان میں دہشت گردانہ حملے کرنے کے لیے استعمال کر رہی ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ اس حوالے سے بارہا کابل میں عبوری حکام سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ تمام ضروری اقدامات کریں تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ یہ ہتھیار غلط ہاتھوں میں نہ جائیں۔