• KHI: Zuhr 12:45pm Asr 4:39pm
  • LHR: Zuhr 12:16pm Asr 3:58pm
  • ISB: Zuhr 12:21pm Asr 3:58pm
  • KHI: Zuhr 12:45pm Asr 4:39pm
  • LHR: Zuhr 12:16pm Asr 3:58pm
  • ISB: Zuhr 12:21pm Asr 3:58pm

ٹک ٹاک ویڈیوز: کوئٹہ میں امریکا سے واپس آئی لڑکی کا باپ کے ہاتھوں قتل

شائع January 30, 2025
— فائل فوٹو:
— فائل فوٹو:

حال ہی میں اپنے خاندان کو امریکا سے کوئٹہ واپس لانے والے شخص نے ٹک ٹاک پر ناپسندیدہ مواد کی وجہ سے اپنی بیٹی کو گولی مار کر قتل کرنے کا اعتراف کر لیا۔

گوال منڈی کے اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) بابر بلوچ نے بتایا کہ فائرنگ کا واقعہ پیر کی رات بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں پیش آیا، مشتبہ شخص نے ابتدائی طور پر بتایا کہ ایک نامعلوم مسلح شخص نے ان کی امریکا میں پیدا ہونے والی 15 سالہ بیٹی کو قتل کر دیا، بعد ازاں انہوں نے اعتراف جرم کر لیا۔

سنگین جرائم انوسٹی گیشن ونگ کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) زوہیب محسن نے بتایا کہ اب تک کی تحقیقات میں پتا چلا ہے کہ اہل خانہ کو مقتولہ کے لباس، لائف اسٹائل اور سماجی اجتماع میں شرکت پر اعتراض تھا۔

انہوں نے رائٹرز کو بتایا کہ ہمارے پاس لڑکی کا فون ہے، لیکن یہ لاک ہے، ہم ’غیرت کے نام پر قتل‘ سمیت تمام زاویوں سے تحقیقات کر رہے ہیں۔

ایس ایچ او بابر بلوچ کا کہنا تھا کہ یہ فیملی تقریباً 25 سال امریکا میں رہنے کے بعد حال ہی میں بلوچستان آئی ہے، ملزم امریکی شہری ہے، مشتبہ شخص نے بتایا کہ انہیں لڑکی کی جانب سے ٹک ٹاک پر ’قابل اعتراض‘ مواد تخلیق کرنے پر اعتراض تھا، جب وہ امریکا میں رہائش پذیر تھی۔

ملزام نے پولیس کو بتایا کہ اس نے پاکستان آنے کے بعد بھی پلیٹ فارم پر ویڈیو شیئر کرنا جاری رکھی۔

بابر بلوچ نے بتایا کہ ملزم کے بہنوئی کو بھی قتل کے سلسلے میں گرفتار کر لیا گیا ہے، جبکہ پولیس نے ملزمان پر قتل کا مقدمہ درج کیا ہے۔

پولیس نے مشتبہ شخص کی اپنی گواہی کے علاوہ امریکی شہریت کا ثبوت پیش نہیں کیا اور یہ بتانے سے انکار کر دیا کہ آیا امریکی سفارت خانے کو اس واقعے کی اطلاع دی گئی ہے یا نہیںَ

سنگین جرائم انوسٹی گیشن ونگ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پولیس کو پیر کی رات اس واقعے کے بارے میں بتایا گیا، جس کے بعد ملزم نے پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 302 (قتل عمد) کے تحت گوالمنڈی تھانے میں مقدمہ درج کرایا۔

اس میں مزید کہا گیا کہ ملزم اور اس کے بہنوئی نے جرم کا اعتراف کیا جب انہیں تفتیش میں شامل کیا گیا، اعلامیے کے مطابق ملزم اپنی بیٹی کے ساتھ 15 جنوری کو نیویارک سے لاہور اور 22 جنوری کو کوئٹہ پہنچا تھا۔

ان کے اہل خانہ نے رائٹرز کی درخواست پر ردعمل دینے سے انکار کردیا۔

پاکستان میں 5 کروڑ 40 لاکھ سے زیادہ لوگ ٹک ٹاک استعمال کرتے ہیں، حکام نے حالیہ برسوں میں قابل اعتراٖ مواد پر کئی بار ویڈیو شیئرنگ ایپ کو بلاک کیا۔

ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان کے اعداد و شمار سے پتا چلتا ہے کہ 2024 میں ’غیرت کے نام پر قتل‘ پورے پاکستان بالخصوص سندھ اور پنجاب میں ایک سنگین مسئلہ رہا، جنوری سے نومبر تک ملک میں کل 346 افراد ’غیرت‘ کے جرائم کا شکار ہوئے۔

کارٹون

کارٹون : 30 جنوری 2025
کارٹون : 29 جنوری 2025