• KHI: Zuhr 12:45pm Asr 4:39pm
  • LHR: Zuhr 12:16pm Asr 3:58pm
  • ISB: Zuhr 12:21pm Asr 3:58pm
  • KHI: Zuhr 12:45pm Asr 4:39pm
  • LHR: Zuhr 12:16pm Asr 3:58pm
  • ISB: Zuhr 12:21pm Asr 3:58pm

ایس آئی ای سی ایچ کی آپریٹر نے بذریعہ فون کامیاب زچگی کرانے پر عالمی ایوارڈ جیت لیا

شائع January 30, 2025
ریسکیو آپریٹر روشان لغاری — فوٹو: ڈان نیوز
ریسکیو آپریٹر روشان لغاری — فوٹو: ڈان نیوز

کراچی میں ایس آئی ای ایچ سی کی خاتون آپریٹر نے خدمت کی نئی مثال قائم کردی، روشان لغاری نے فون پر رہنمائی فراہم کرکے کامیاب زچگی کرائی اور انٹرنیشنل اکیڈمی آف ایمرجنسی ڈسپیچ ایوارڈ کی حقدار بن گئیں۔

ڈان نیوز کے مطابق سندھ انٹیگریٹڈ ایمرجنسی اینڈ ہیلتھ سروسز (ایس آئی ای ایچ ایس) ایمبولنس سروسز کو یومیہ سیکڑوں ایمرجنسی کالز موصول ہوتی ہیں، جن میں سے اکثر حساس نوعیت کی بھی ہوتی ہیں۔

ستمبر 2024 کو آنے والی ایک کال نے 22 سالہ ریسکیو سروس آپریٹر روشان لغاری کو ایوارڈ کا حقدار بنا دیا۔

روشان لغاری نے ڈان سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ عام طور پر ہمیں اس طرح کی کالز موصول نہیں ہوتیں، لیکن اس روز مریضہ کی پڑوسن نے فون کرکے بتایا کہ زچگی کا عمل جاری ہے، جس پر ہم نے اپنے پروٹوکول کو فالو کرتے ہوئے ہر ممکن طور پر رہنمائی فراہم کی۔

روشان لغاری نے بتایا کہ یہ کال آدھے گھنٹے تک جاری رہی جس میں متعلقہ خاندان سے 8 مرتبہ کال بیک کرکے رابطہ کیا گیا جس کے بعد ایک صحت مند بچی کی پیدائش ہوئی۔

سندھ انٹیگریٹڈ ایمرجنسی اینڈ ہیلتھ سروسز کے ڈیٹا کے مطابق سال 2024 میں سندھ میں 65 زچگیاں ایمبولینسز میں ہسپتال منتقلی کے دوران ہوئیں۔

ایس آئی ای ایس ایچ کے سربراہ فاروق صدیقی نے بتایا کہ اگر ایمبولینس پہنچنے میں تاخیر ہو رہی ہو تو ہمارا اسٹاف طریقہ کار کو فالو کرتے ہوئے فون پر زچگی کے حوالے سے رہنمائی فراہم کرتا ہے اور ایمبولینس میں بھی زچگی کرانے کی سہولت موجود ہوتی ہے۔

انٹرنیشنل اکیڈمی آف ایمرجنسی ڈسپیچ کے زیر اہتمام رواں ماہ بحرین میں ہونے والی مڈل ایسٹ نیوی گیٹر کانفرنس 2025 میں ریسکیو 1122 کی آپریٹر روشان لغاری کو انٹرنیشنل اکیڈمی آف ایمرجنسی ڈسپیچ ایوارڈ سے نوازا گیا۔

ریسکیو اہلکار روشان لغاری نے مستقبل میں بھی اسی طرح انسانیت کی خدمت میں آگے آگے رہنے کے عزم کو دہرایا۔

1000 حروف

معزز قارئین، ہمارے کمنٹس سیکشن پر بعض تکنیکی امور انجام دیے جارہے ہیں، بہت جلد اس سیکشن کو آپ کے لیے بحال کردیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 30 جنوری 2025
کارٹون : 29 جنوری 2025