• KHI: Zuhr 12:45pm Asr 4:39pm
  • LHR: Zuhr 12:16pm Asr 3:58pm
  • ISB: Zuhr 12:21pm Asr 3:58pm
  • KHI: Zuhr 12:45pm Asr 4:39pm
  • LHR: Zuhr 12:16pm Asr 3:58pm
  • ISB: Zuhr 12:21pm Asr 3:58pm

سیکیورٹی فورسز کا شمالی وزیرستان میں آپریشن، 6 خوارج ہلاک، میجر سمیت 2 جوان شہید

شائع January 30, 2025
— فائل فوٹو: آئی ایس پی آر
— فائل فوٹو: آئی ایس پی آر

سیکورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے ضلع میر علی میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 6 خوارج کو ہلاک کردیا، کارروائی کے دوران میجر حمزہ اسرار اور سپاہی محمد نعیم شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے 29 اور 30 جنوری کی درمیانی شب شمالی وزیرستان کے ضلع میر علی میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا۔

آپریشن کے دوران پاک فوج کے جوانوں نے خوارج کے مقام پر مؤثر طریقے سے کارروائی کی جس دوران 6 خوارج ہلاک ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں میجر حمزہ اسرار اور سپاہی محمد نعیم شہید ہوگئے۔

بیان میں کہا گیا کہ میجر حمزہ اسرار بہادر افسر تھے جنہوں نے اپنے دستوں کی قیادت کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا، جبکہ سپاہی محمد نعیم بھی بہادری سے لڑے اور شہادت کو گلے لگا لیا۔

میجر حمزہ اسرار شہید کی عمر 29 سال تھی، ان کا تعلق ضلع راولپنڈی سے تھا، انہوں نے 9 سال تک دفاع وطن کا فریضہ سرانجام دیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شہید میجر حمزہ اسرار کی حال ہی میں شادی ہوئی تھی، ان کے پسماندگان میں بیوہ، والدین اور بہن بھائی شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 26 سالہ سپاہی محمد نعیم شہید کا تعلق ضلع نصیر آباد سے تھا، انہوں نے 6 سال تک دفاع وطن کا فریضہ انجام دیا، ان کے سوگواران میں والدین شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں موجود دیگر خارجیوں کے خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے، فورسز پاکستان سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں، ہمارے بہادر سپاہیوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط بناتی ہیں۔

1000 حروف

معزز قارئین، ہمارے کمنٹس سیکشن پر بعض تکنیکی امور انجام دیے جارہے ہیں، بہت جلد اس سیکشن کو آپ کے لیے بحال کردیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 30 جنوری 2025
کارٹون : 29 جنوری 2025