پاکستانیوں کو سمندر کے غیر قانونی راستے سے اسپین بھجوانے والے کئی گینگز بے نقاب
پاکستانیوں کو سمندر کے غیر قانونی راستے سے اسپین بھجوانے میں ملوث متعدد گینگ بے نقاب ہوگئے، ایف آئی اے نے اسلام آباد ائیرپورٹ پرکارروائی کرتےہوئے بیرون ملک سے آنے والے 7 مسافروں سے پوچھ گچھ کی اور سہولتکاری میں ملوث ملزم کو تحویل میں لے لیا۔
ڈان نیوز کے مطابق ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے امیگریشن نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر بڑی کارروائی کے دوران پاکستانیوں غیرقانونی سمندری راستے سے اسپین بھجوانے والے سہولت کار کو بیرون ملک سے پاکستان پہنچنے پر تحویل میں لے لیا۔
ترجمان کے مطابق 7 مسافروں سے پوچھ گچھ کی گئی، مسافروں کی شناخت مہتاب، محمد خلیق، گل شامیر، وسیم، علی حسن، بلاول اقبال اور عمر فاروق کے نام سے ہوئی جبکہ سہولت کاری میں ملوث ملزم کی شناخت عبدالغفار کے نام سے ہوئی ہے،مسافروں کا تعلق گجرات، شیخوپورہ، سیالکوٹ، منڈی بہاالدین، ناروال اور راولپنڈی سے ہے۔
مسافر فلائٹ نمبر کیو آر 614 اور ای کے 612 کے ذریعے اسلام آباد ائرپورٹ پہنچے، مسافروں نے غیر قانونی طریقے سے دبئی اور سینیگال کے راستے اسپین جانے کی کوشش کی تھی۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق مسافروں نے ایجنٹوں سے اسپین جانے کے لیے لاکھوں روپے فی کس میں معاملات طے کیے، ایجنٹوں نے شہریوں کو وزٹ ویزے پر دبئی، ایتھوپیا اور بعد ازاں سینیگال بھجوایا، سینیگال سے ایجنٹوں نے سمندر کے راستے شہریوں کو اسپین بھجوانے کی کوشش کی۔
تفتیش کے مطابق ایجنٹوں کی جانب سے متاثرین کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا گیا،مسافروں سے ایجنٹوں اور سہولتکاروں کے حوالے سے معلومات لے جارہی ہیں، ابتدائی تفتیش کے مطابق ایجنٹوں کا تعلق پنجاب کے مختلف علاقوں سے ہے۔
واضح رہے کہ رواں ماہ مغربی افریقہ کے راستے غیر قانونی طور پر اسپین جانے والی کشتی حادثے کا شکار ہوگئی تھی ، جس کے نتیجے میں 44 پاکستانیوں سمیت 50 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔