کراچی میں مختلف مقامات سے 2 نومولود بچوں کی لاشیں برآمد
کراچی میں بچوں کی گمشدگی اور لاشیں ملنے کا سلسلہ نہ تھم سکا، آج شہر قائد میں مختلف مقامات سے 2 نومولود بچوں کی لاشیں ملیں۔
ڈان نیوز کے مطابق گلستان جوہر بلاک 16 کے نالے سے نومولود کی لاش برآمد ہوئی، جسے ریسکیو ادارے منتقل کر دیا گیا۔
ادھر، گلشن اقبال بلاک (اے) (فور) کے قریب کچرا کنڈی سے نومولود بچے کی لاش ملی۔
واضح رہے کہ رواں ماہ جنوری میں شہر کے مختلف علاقوں سے 6 نوزائیدہ بچوں کی لاشیں مل چکی ہیں۔
واضح رہے کہ 18 جنوری کو کراچی میں نارتھ کراچی کے علاقے میں 11 روز سے لاپتا 7 سالہ بچے صارم کی لاش گھر کے قریب زیر زمین پانی کے ٹینک سے برآمد ہوئی تھی۔
اس کے بعد سے کراچی میں بچوں کی گمشدگی کا سلسلہ نہ تھم سکا تھا اور 22 جنوری کو پی آئی بی کالونی سے ایک اور بچہ لاپتا ہوگیا تھا جبکہ گارڈن سے لاپتا ہونے والے بچوں کا کئی روز گزرنے کے بعد بھی کچھ پتا نہیں چل سکا تھا۔
جس پر وزیراعلیٰ سندھ اور وزیر داخلہ نے نوٹس لیا تھا اور پولیس کو فوری اقدامات کرنے کی ہدایت کی تھی، بعد ازاں 23 جنوری کو کراچی پولیس چیف نے افسران کو حکم دیا تھا کہ لاپتا بچوں کی بازیابی کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
بچوں کے حقوق کے لیے کام کرنے والی غیر سرکاری تنظیم ’ساحل‘ کی اگست کی رپورٹ کے مطابق 2024 میں ملک بھر میں بچوں کے ساتھ بدسلوکی کے کل 1630 کیسز رپورٹ ہوئے۔
اس کے علاوہ سال 2024 کے ابتدائی 6 ماہ میں بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کے 862، اغوا کے 668، گمشدگی کے 82 اور کم عمری کی شادیوں کے 18 کیسز رپورٹ ہوئے۔
6 ماہ کے اعداد و شمار سے پتا چلتا ہے کہ رپورٹ ہونے والے کل کیسز میں سے 962 متاثرین میں 59 فیصد لڑکیاں تھیں جب کہ 668 یعنی 41 فیصد لڑکے تھے۔