گھوٹکی: رینجرز، پولیس نے مال بردار کنٹینر اور عملے کو اغوا کی کوشش ناکام بنا دی
سندھ رینجرز اور پولیس نے گھوٹکی میں ڈاکوؤں کی مال بردار کنٹینر اور عملے پر حملہ اور انہیں اغوا کرنے کی کوشش ناکام بنادی۔
ڈان نیوز کے مطابق پاکستان رینجرز سندھ اور پولیس کی اندرون سندھ کچے کے علاقے میں ڈکیتوں اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف کاروائیاں جاری ہیں، گھوٹکی میں ایم فائیو موٹر وے پر رینجرز اور پولیس نے مال بردار کنٹینر اور عملے پر حملے کی ڈاکوؤں کی کوشش کو ناکام بنا دی، بر وقت کارروائی پر ڈاکو فرار ہوگئے، فائرنگ سے کنٹینر کا ڈرائیور زخمی ہوگیا۔
ترجمان سندھ رینجرز نے بتایا کہ کنٹینر اور عملے کو کچے کے مسلح ڈاکوؤں کے ہاتھوں اغوا کرنے کی کوشش ناکام بنادی گئی، پاکستان رینجرز سندھ کو خفیہ معلومات پر 7 سے 8 مسلح ملزمان کی جانب سے واردات کی اطلاع ملی تھی۔
ترجمان نے بتایا کہ واقعہ کچے کے علاقے رونتی نیک موڑ براستہ بچو بند سے ایم فائیو موٹر وے پر پیش آیا، اطلاع ملتے ہی پاکستان رینجرز سندھ کی پٹرولنگ پر مامور موبائلز موقع پر پہنچ گئی، مسلح ڈاکوؤں نے رینجرز کو دیکھتے ہی فائرنگ کی، جس سے کنٹینر کا ڈرائیور اور عملہ معمولی زخمی ہوئے، رینجرز اہلکاروں کی جوابی کاروائی سے مسلح ڈاکو کنٹینر کو چھوڑ کر فرار ہو گئے۔
سندھ رینجرز کے ترجمان نے بتایا کہ زخمی افراد کو رینجرز نے ابتدائی طبی امداد کے بعد ہسپتال منتقل کر دیا، انہوں نے اپیل کی کہ عوام ڈاکوؤں کو پناہ دینے والے عناصر اور دیگر با اثر افراد کی نشاندہی کریں۔