یو اے ای میں بھی پیٹرول اور ڈیزل مہنگا، دبئی میں ٹول ٹیکس بھی بڑھا دیا گیا
پانی کی طرح تیل بیچنے والے ملک، متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں بھی پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا گیا، دبئی میں ٹول ٹیکس بھی 50 فیصد بڑھا دیا گیا۔
ڈان نیوز کے مطابق اماراتی فیول پرائس کمیٹی کے اعلان کے مطابق یو اے ای میں ایک لیٹر پیڑول 2.74 درہم یعنی 208 پاکستانی روپے میں ملے گا، ڈیزل کی قیمت 2.82 درہم یعنی 214 روپے 18 پیسے فی لیٹر ہوگی ۔
اس کے علاوہ دبئی میں ٹول ٹیکس بھی بڑھا دیا گیا ہے، صبح 6 سے 10 بجے تک اور شام 4 سے 8 بجے تک ٹول فیس 6 درہم (تقریباً 456 پاکستانی روپے) وصول کیا جائے گا۔
عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ
سال 2025 کے آغاز پر امریکی پابندیوں کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، تاہم چین کی کمزور معیشت اور تجارتی جنگوں کے خدشات نے ان اضافوں کے اثرات کو محدود کر دیا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اوپیک پلس (OPEC+) پر دباؤ ڈالا ہے کہ وہ خام تیل کی قیمتوں میں کمی کے لیے اقدامات کرے، اس کے بعد سعودی عرب کے وزیر توانائی اور اوپیک پلس کے دیگر ممالک کے وزرا کے درمیان مذاکرات ہوئے، تاہم اوپیک پلس کی جانب سے ابھی تک کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔
اوپیک کے وزرا کل (3 فروری کو) ہونے والے اجلاس میں اپریل سے تیل کی پیداوار بڑھانے کے منصوبے کو برقرار رکھنے کا امکان رکھتے ہیں۔
عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں ممکنہ اتار چڑھاؤ کے پیش نظر ماہرین کا کہنا ہے کہ آئندہ چند ہفتے مارکیٹ کے لیے غیر یقینی صورتحال کا باعث بن سکتے ہیں۔