اسرائیلی حملوں میں مزید 4 فلسطینی شہید، نیتن یاہو ٹرمپ سے ملاقات کیلئے امریکا روانہ
مغربی کنارے میں اسرائیلی فضائیہ کے حملوں میں 4 فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوگئے جبکہ اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے ساتھ امن معاہدے کے دوسرے فیز پر بات چیت کے لیے امریکا روانہ ہوگئے۔
خبر رساں ادارے وفا کے مطابق مغربی کنارے کے شہر جنین اور قریبی قصبے قباطیہ میں اسرائیلی فضائیہ کے حملوں میں 4 فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔
فلسطین کی وزارت صحت کے مطابق جنین کے پڑوس میں واقع مشرقی قصبے میں اسرائیلی فضائیہ کے حملے میں 2 فلسطینی شہید ہوئے جبکہ دیگر 2 فلسطینی قباطیہ میں گاڑی پر کیے گئے اسرائیلی ڈروان حملے میں شہید ہوئے۔
خبر رساں ادارے وفا کے فلسطین میں موجود نامہ نگار کے مطابق اسرائیلی ڈرون مصروف شاہرا پر گاڑی پر میزائل داغے جس کے نتیجے میں 2 فلسطینی شہید اور دیگر زخمی ہوگئے، جنونی جنین میں موٹرسائیکل پر کیے گئے ایک اور ڈرون حملے میں 2 مزید فلسطینی شہید ہوئے۔
دریں اثنا، اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو کل واشنگٹن میں غزہ جنگ بندی کے دوسرے مرحلے پر بات چیت کا آغاز کریں گے، اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیلی وزیر اعظم امریکی صدر سے ملاقات کے لیے واشنگٹن روانہ ہوگئے ہیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق نیتن یاہو نے گزشتہ روز امریکی صدر کے مشرق وسطیٰ کے سفیر اسٹیو وٹکوف سے بات کی اور اس بات پر اتفاق کیا کہ مذاکرات واشنگٹن میں ملاقات کے بعد شروع ہوں گے۔
حماس اور اسرائیل کے ثالثوں اور وفود پر مشتمل باضابطہ مذاکرات کی تاریخ طے نہیں کی گئی ہے اور 42 روزہ پہلا مرحلہ اگلے ماہ ختم ہونے والا ہے۔
نیتن یاہو کے دفتر کا کہنا ہے کہ اسٹیو وٹکوف قطر اور مصر سے بات چیت کریں گے جس کے بعد وہ اسرائیلی وزیر اعظم سے مذاکرات کو آگے بڑھانے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کریں گے جن میں وفود کی مذاکرات کے لیے روانگی کی تاریخیں بھی شامل ہیں۔
توقع ہے کہ دوسرے مرحلے میں باقی قیدیوں کی رہائی کا احاطہ کیا جائے گا اور جنگ کے مستقل خاتمے پر بات چیت بھی شامل ہوگی، جس کی نیتن یاہو کی حکومت کے متعدد ارکان مخالفت کرتے ہیں۔