فیصل آباد: سمندری راستے اسپین بھجوانے میں ملوث ایجنٹ گرفتار
فیصل آباد سے شہریوں کو سمندر کے راستے اسپین بھجوانے میں ملوث ایجنٹ کو گرفتار کرلیا گیا، شہری سے اسپین بھجوانے کے لیے 47 لاکھ روپے لیے تھے۔
ڈان نیوز کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے فیصل آباد میں کارروائی کرتے ہوئے شہریوں کو سمندر کے راستے اسپین بھجوانے میں ملوث روٹ ایجنٹ کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان ایف آئی اے نے بتایا کہ ملزم انسانی اسمگلنگ میں ملوث ماریطانیہ کا لینڈ روٹ ایجنٹ ہے جس نے شہری کو اسپین بھجوانے کیلئے 47 لاکھ روپے ہتھیائے۔
ترجمان ایف آئی اے کا کہنا تھا کہ ملزم نے شہری کو وزٹ ویزے پر موریطانیہ براستہ سینیگال بھجوایا اور پھر اسے ماریطانیہ سے یورپ براستہ سمندر بھجوانے کی کوشش کی مگر شہری نے جان لیوا سفر پر جانے سے انکار کیا اور وطن واپس آگیا۔
واضح رہے کہ 16 جنوری کو مغربی افریقہ کے راستے غیر قانونی طور پر اسپین جانے والی کشتی حادثے کا شکار ہوگئی تھی جس میں 44 پاکستانیوں سمیت 50 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
تارکین وطن کے حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیم واکنگ بارڈرز نے کہا ہے کہ مغربی افریقہ سے کشتی کے ذریعے اسپین پہنچنے کی کوشش کے دوران حادثے کا شکار ہوئی۔
مراکش کے حکام کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز حادثے کا شکار ہونے والی تارکین وطن کی ایک کشتی سے 36 افراد کو بچایا گیا جس میں 86 تارکین وطن سوار تھے، جن میں 66 پاکستانی بھی شامل تھے۔