• KHI: Zuhr 12:46pm Asr 4:41pm
  • LHR: Zuhr 12:16pm Asr 4:00pm
  • ISB: Zuhr 12:22pm Asr 4:01pm
  • KHI: Zuhr 12:46pm Asr 4:41pm
  • LHR: Zuhr 12:16pm Asr 4:00pm
  • ISB: Zuhr 12:22pm Asr 4:01pm

صدر مملکت ہائیکورٹ کے جج کا تبادلہ ایک سے دوسری ہائیکورٹ میں کرسکتے ہیں، سینیٹر عرفان صدیقی

شائع February 2, 2025
—فائل فوٹو: اسکرین شاٹ
—فائل فوٹو: اسکرین شاٹ

ایوان بالا (سینیٹ) مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی لیڈر سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 200 کے مطابق صدر مملکت ہائی کورٹ کے کسی بھی جج کا تبادلہ ایک سے دوسری ہائیکورٹ میں کرسکتے ہیں۔

سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے ایک بیان میں سینیٹر عرفان صدیقی نے سوال کیا کہ کیا اعلیٰ عدلیہ کے تمام ججز نے آئین کی پاسداری اور تحفظ کا حلف اٹھا رکھاہے؟ اگر ہاں تو کیا آرٹیکل 200 آئین پاکستان کا حصہ نہیں؟

انہوں نے کہا کہ آئین کا آرٹیکل 200 کہتا ہے صدر مملکت ہائی کورٹ کے کسی بھی جج کا تبادلہ ایک سے دوسری ہائیکورٹ میں کرسکتے ہیں لیکن جج کے تبادلے کے لیے متعلقہ جج کی مرضی، چیف جسٹس پاکستان اور متعلقہ ہائی کورٹس کے چیف جسٹسز سے مشاورت ضروری ہے۔

سینیٹر عرفان صدیقی نے سوال اٹھایا کہ اس واضح آئینی شق کو ترجیح دیں یا کسی خط کو؟۔

یاد رہے کہ صدر مملکت آصف زرداری نے گزشتہ روز لاہور، سندھ اور بلوچستان ہائی کورٹ سے ایک، ایک جج کا اسلام آباد ہائی کورٹ میں تبادلہ کر دیا تھا جب کہ آج اسلام آباد کی تینوں بار کونسلز نے3 ججزکی اسلام آباد ہائیکورٹ منتقلی کا نوٹیفکیشن واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کل اسلام آباد ہائیکورٹ اور ماتحت عدالتوں میں ہڑتال کا اعلان کیا تھا۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے آئین کے آرٹیکل 200 کی شق (ون) کے تحت تین ججز کے تبادلے کر دیے، جس کا نوٹی فکیشن وزارت قانون و انصاف کی جانب سے جاری کر دیا گیا۔

نوٹی فکیشن کے مطابق جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر کا لاہور ہائی کورٹ، جسٹس خادم حسین سومرو کا سندھ ہائی کورٹ اور جسٹس محمد آصف کا تبادلہ بلوچستان ہائی کورٹ سے اسلام آباد ہائی کورٹ میں کیا گیا ہے۔

آئین کا آرٹیکل 200 کہتا کہ صدر مملکت ہائی کورٹ کے جج کو ایک ہائی کورٹ سے دوسری ہائی کورٹ میں منتقل کر سکتے ہیں، لیکن جج کو ان کی رضامندی اور صدر مملکت کی طرف سے چیف جسٹس آف پاکستان اور دونوں ہائی کورٹس کے چیف جسٹس کی مشاورت کے بعد منتقل کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ 2 روز قبل اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججز نے دوسری ہائی کورٹ سے جج لا کر اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیف جسٹس بنانے کی خبروں پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔

1000 حروف

معزز قارئین، ہمارے کمنٹس سیکشن پر بعض تکنیکی امور انجام دیے جارہے ہیں، بہت جلد اس سیکشن کو آپ کے لیے بحال کردیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 3 فروری 2025
کارٹون : 2 فروری 2025