وزیراعظم شہباز شریف آج کوئٹہ کا ایک روزہ دورہ کریں گے
وزیراعظم شہباز شریف آج کوئٹہ کا ایک روزہ دورہ کریں گے جہاں اعلیٰ سطح کے اجلاس کے دوران بلوچستان میں امن وامان کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔
ڈان نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف آج کوئٹہ کا ایک روزہ دورہ کریں گے، اس دوران وزیراعظم بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال پر صوبائی قیادت کے ساتھ اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کریں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف قلات اور ہرنائی میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں زخمی ہونے والے جوانوں کی عیادت بھی کریں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بلوچستان کے ضلع قلات کے علاقے منگوچر میں سیکیورٹی فورسز نے یکم فروری کی رات کو کارروائی کرتے ہوئے 23 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز کے 18 اہلکار بھی شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق قلات کے علاقے منگوچر میں دہشت گردوں نے سڑک بلاک کرنے کی کوشش کی جس پر سیکیورٹی فورسز نے فوری آپریشن شروع کیا۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو فوری طور پر متحرک کیا گیا، جنہوں نے دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو کامیابی کے ساتھ ناکام بنا دیا اور مقامی آبادی کے تحفظ کو یقینی بناتے ہوئے 12 دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران مٹی کے 18 بہادر بیٹوں نے بہادری سے لڑتے ہوئے لازوال قربانی دی اور شہادت کو گلے لگا لیا۔
ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ قلات کے علاقے منگوچر میں ہونے والی کارروائی کے تناظر میں ہرنائی میں کلیئرنس آپریشن کیا گیا جس میں مزید 11 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔