اسلام آباد: کرم میں امن و امان کیلئے جرگہ، سوشل میڈیا کا غلط استعمال روکنے پر زور
اسلام آباد میں خیبرپختونخوا کے ضلع کُرم میں قیام امن سے متعلق جرگے میں سوشل میڈیا کا غلط استعمال روکنے، ایک دوسرے کے مقدسات کا احترام کرنے اور حقوق کی پاسداری سمیت قیام امن کے لیے مختلف امور پر بات چیت کی گئی۔
ڈان نیوز کے مطابق ضلع کرم میں دیرپا امن کے قیام کے لیے اسلام آباد میں عمائدین کا جرگہ ہوا جس میں فریقین کے عمائدین نے قیام امن کے لیے لائحہ عمل تیار کرنے پر بات کی۔
بعد ازاں، جرگے کا اعلامیہ جاری کیا گیا جس کے مطابق جرگے کا دوسرا سیشن کل پشاور میں منعقد کیا جائے گا جب کہ آج جرگے میں سوشل میڈیا کا غلط استعمال روکنے، ایک دوسرے کے مقدس مقامات کا احترام کرنے اور حقوق کی پاسداری سمیت قیام امن کے لیے مختلف امور پر بات چیت کی گئی۔
جرگہ ممبر سید رضا حسین کے مطابق ضلع کرم میں قیام امن کے لیے فریقین کے عمائدین کا طویل بدامنی کے دوران آپس میں پہلا جرگہ اسلام آباد میں سابق سینٹر سجاد سید میاں کی رہائش گاہ پر منعقد ہوا، جس میں فریقین کے عمائدین کے ساتھ گرینڈ امن جرگہ ممبران بھی شریک ہوئے۔
اس موقع پر جرگہ سے اپنے خطاب میں فریقین کے رہنماؤں جلال حسین، منیر بنگش، ولی سید میاں اور ارشاد بنگش کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا کے غلط استعمال کا فوری روک تھام ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت سوشل میڈیا کے غلط استعمال کو روکنے کے لیے اقدامات اٹھائیں اور قومی طور پر بھی اس قسم عناصر کے خلاف کاروائی کی جائے گی۔
اس کے علاوہ جرگے میں ایک دوسرے کے مقدسات کا احترام کرنے، ایک دوسرے کے حقوق کی پاسداری سمیت مختلف مسائل پر بات چیت کی گئی جب کہ بعض امور پر اتفاق کیا گیا کہ جرگے کی دوسری نشست پشاور کل میں ہوگی۔
کل پشاور میں ہونے والے جرگے میں آمد و رفت کے راستے کھولنے سمیت دیگر اقدامات کے حوالے سے بات چیت کی جائے گی اور قیام امن کے لیے عملی اقدامات اٹھانے پر غور کیا جائے گا۔
جرگے میں شریک رہنماؤں کا کہنا تھا کہ بدامنی کی وجہ سے دونوں فریقین کے عوام کو مشکلات درپیش ہیں جس کا فوری حل نکالنا ضروری ہے۔