• KHI: Zuhr 12:46pm Asr 4:42pm
  • LHR: Zuhr 12:16pm Asr 4:01pm
  • ISB: Zuhr 12:22pm Asr 4:02pm
  • KHI: Zuhr 12:46pm Asr 4:42pm
  • LHR: Zuhr 12:16pm Asr 4:01pm
  • ISB: Zuhr 12:22pm Asr 4:02pm

خیبرپختونخوا: رواں سال کی پہلی مہم کے دوران پولیو ٹیم پر فائرنگ، پولیس اہلکار جاں بحق

شائع February 3, 2025
—فائل فوٹو: اے ایف پی
—فائل فوٹو: اے ایف پی

خیبرپختونخوا کے ضلع جمرود میں رواں سال کی پہلی انسداد پولیو مہم کے ابتدائی روز پولیو ٹیم پر نامعلوم افراد کی جانب سے فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں حفاظتی ڈیوٹی پر مامور پولیس اہلکار جاں بحق ہوگیا۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق بچوں کو قطرے پلانے کے لیے گھر گھر جانے والے پولیو ورکرز کو خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں عسکریت پسندوں کی جانب سے تواتر سے نشانہ بنایا جا رہا ہے، صرف 2024 میں صوبے میں انسداد پولیو مہم کے دوران 20 افراد ہلاک اور 53 زخمی ہوئے تھے۔

پولیس ترجمان ظہیر احمد نے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا ’ نامعلوم موٹر سائیکل سوار کی جانب سے پولیو ٹیم کو سخی پل کے قریب گُھنڈی کے علاقے میں نشانہ بنایا’، جس کے نتیجے میں پولیو ٹیم کی حفاظت پر مامور کانسٹیبل عبدالخالد شہید ہوگیا۔

ایک اور پولیس اہل کار زرمت خان نے اے ایف پی کو بتایا کہ ’اس واقعے کے باوجود علاقے میں پولیو مہم جاری ہے۔‘

دوسری جانب، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ’ایکس‘ پر انسداد پولیو مہم کے عملے کو جمرود میں نشانہ بنانے کی شدید مذمت کی۔

انہوں نے کانسٹیبل کی شہادت پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ’ہم کانسٹیبل عبدالخالد کو بچوں کا مستقبل محفوظ بنانے کے لیے جان کا نذرانہ دینے پر سلام پیش کرتے ہیں۔‘

یاد رہے کہ پاکستان کا شمار افغانستان کے ساتھ دنیا کے ان آخری 2 ممالک میں ہوتا ہے جہاں پولیو اب بھی موجود ہے، وائرس کے خاتمے کی عالمی کوششوں کے باوجود، سلامتی کے مسائل، ویکسین سے ہچکچاہٹ اور غلط معلومات جیسے چیلنجز موجود ہیں۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے اتوار کے روز پولیو کے مکمل خاتمے کے عزم کے ساتھ رواں برس کی پہلی ملک گیر انسداد پولیو مہم کا آغاز کیا، جو 3 سے 9 فروری تک جاری رہے گی۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ پولیو ٹیمیں اس بیماری کے خاتمے کے لیے اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لاتے ہوئے دن رات کام کریں گی اور دور دراز علاقوں اور دیہاتوں تک پہنچیں گی۔

وزیراعظم کے مطابق گزشتہ سال ملک میں پولیو کے 77 کیسز رپورٹ ہوئے، جن میں سے کم از کم 90 اضلاع میں پولیو وائرس کی نشاندہی ہوئی جب کہ اس سال کا پہلا کیس کے پی کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں سامنے آیا تھا۔

1000 حروف

معزز قارئین، ہمارے کمنٹس سیکشن پر بعض تکنیکی امور انجام دیے جارہے ہیں، بہت جلد اس سیکشن کو آپ کے لیے بحال کردیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 4 فروری 2025
کارٹون : 3 فروری 2025