190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کا فیصلہ سنانے والے جج ناصر جاوید رانا تبدیل
سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کا فیصلہ سنانے والے احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا کا تبادلہ کردیا گیا۔
ڈان نیوز کے مطابق 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس پر فیصلہ سنانے والے جج ناصر جاوید کا تبادلہ کرکے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ویسٹ اسلام آباد تعینات کر دیاگیا۔
ناصر جاوید رانا کو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ویسٹ اسلام آباد تعیناتی کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں سماعت کے دوران 17 جنوری کو احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے 190 ملین پاؤنڈ کے ریفرنس میں عمران خان کو مجرم قرار دیتے ہوئے 14 سال قید اور ان کی اہلیہ مجرمہ بشریٰ بی بی کو 7 سال قید کی سزا سنائی تھی۔