اسلام آباد ہائیکورٹ میں دوسرے صوبوں سے ججز آنے کے بعد انتظامی کمیٹی تبدیل
اسلام آباد ہائی کورٹ میں دوسرے صوبوں سے تین ججز کے آنے کے بعد انتظامی کمیٹی تبدیل کردی گئی۔
ڈان نیوز کے مطابق چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق عدالت کی انتظامی کمیٹی کے چیئرمین مقرر ہو گئے۔
اسی طرح سینئر پیونی جج جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس خادم سومرو ممبران مقرر ہوگئے، جسٹس عامر فاروق کی منظوری سے ایڈیشنل رجسٹرار نے نوٹی فکیشن جاری کر دیا۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے ڈیپارٹمنٹل پروموشن کمیٹی بھی تبدیل کردی، نئی کمیٹی سینئیرپیونی جج جسٹس سرفراز ڈوگر، جسٹس اعظم خان پر مشتمل ہوگی، جسٹس عامر فاروق کی منظوری سے ایڈیشنل رجسٹرار نے نوٹی فکیشن جاری کر دیا۔
واضح رہے کہ یکم فروری کو لاہور، سندھ اور بلوچستان ہائی کورٹ سے ایک، ایک جج کا تبادلہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں کر دیا گیا تھا۔
ڈان نیوز کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے آئین کے آرٹیکل 200 کی شق (ون) کے تحت تین ججز کے تبادلے کر دیے، جس کا نوٹی فکیشن وزارت قانون و انصاف کی جانب سے جاری کر دیا گیا تھا۔
نوٹی فکیشن کے مطابق جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر کا لاہور ہائی کورٹ، جسٹس خادم حسین سومرو کا سندھ ہائی کورٹ اور جسٹس محمد آصف کا تبادلہ بلوچستان ہائی کورٹ سے اسلام آباد ہائی کورٹ میں کیا گیا۔