امریکا اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل سے دستبردار، فلسطینی امدادی ادارے ’انروا‘ کی امداد بھی روک دی
امریکا نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل سے دستبرداری کا اعلان کرتے ہوئے فلسطین میں سرگرم اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی (انروا) کی امداد بھی روک دی۔
الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ انہیں یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ آج سہ پہر امریکا نے یہود مخالف اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل سے دستبرداری اختیار کر لی ہے اور اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی (یو این آر ڈبلیو اے) کی تمام فنڈنگ ختم کر دی ہے۔
یہ پہلا موقع نہیں ہے جب ٹرمپ نے جنیوا میں قائم انسانی حقوق کی تنظیم سے استعفیٰ دیا ہے۔
2018 میں ٹرمپ انتظامیہ نے انسانی حقوق کونسل سے علیحدگی اختیار کی تھی تو اقوام متحدہ میں ڈونلڈ ٹرمپ کی اس وقت کی مندوب نکی ہیلی نے دعویٰ کیا تھا کہ یہ اقدام اقوام متحدہ کی جانب سے اسرائیل کے خلاف ’دیرینہ تعصب‘ کی وجہ سے اٹھایا گیا تھا۔
ڈان نیوز کے مطابق امریکی صدر کے ایگزیکٹو آرڈر کے مطابق امریکا اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل اور فلسطینیوں کے لیے قائم اقوام متحدہ کی امدادی ایجنسی ’انروا‘ سے دستبردار ہو رہا ہے جبکہ امریکا نے اقوام متحدہ کے تعلیمی، سائنسی اور ثقافتی ادارے یونیسکو سے نکلنے پر بھی غور شرو ع کردیا ہے۔