• KHI: Fajr 5:55am Sunrise 7:12am
  • LHR: Fajr 5:30am Sunrise 6:52am
  • ISB: Fajr 5:36am Sunrise 7:01am
  • KHI: Fajr 5:55am Sunrise 7:12am
  • LHR: Fajr 5:30am Sunrise 6:52am
  • ISB: Fajr 5:36am Sunrise 7:01am

صدر، وزیراعظم کا مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے عالمی برادری سے اقدامات کا مطالبہ

شائع February 5, 2025
— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ بھارت پر دباؤ ڈالے تاکہ کشمیری عوام کو خطے میں دیرپا امن کے لیے آزادانہ طور پر اپنے مستقبل کا تعین کرنے کی اجازت دی جا سکے۔

سرکاری خبر رساں ادارے ’اے پی پی‘ کے مطابق یوم یکجہتی کشمیرپر اپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں حالیہ پیش رفت سے واضح ہوتا ہے کہ دیرینہ تنازعات کو بڑھنے نہیں دیا جانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام ہر سال یوم یکجہتی کشمیر مناتے ہیں تاکہ کشمیری عوام کی حق خودارادیت کے حصول کے لیے ان کی منصفانہ اور جائز جدوجہد کی حمایت کی تجدید کی جاسکے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ حق خودارادیت بین الاقوامی قانون کا بنیادی اصول ہے، ہر سال اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی ایک قرارداد منظور کرتی ہے جس میں لوگوں کو اپنی تقدیر کا فیصلہ خود کرنے کے قانونی حق پر زور دیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ 78 سال گزرنے کے باوجود کشمیری عوام کو اب تک اس ناقابل تنسیخ حق کا استعمال نہیں کرنے دیا گیا، بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط مقبوضہ جموں و کشمیر دنیا کے سب سے زیادہ فوجی علاقوں میں سے ایک ہے اور کشمیری خوف و ہراس کے ماحول میں زندگی گزار رہے ہیں۔

ریڈیو پاکستان کے مطابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ یہ دن عالمی برادری کو مظلوم کشمیری عوام کے تئیں اس کی ذمہ داری کی یاد دلاتا ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ اقوام متحدہ کو 78 سال قبل کشمیریوں سے کیے گئے وعدوں کو پورا کرنا چاہیے اور ان کے حق خودارادیت کے لیے ان کی جدوجہد کی حمایت کرنی چاہیے۔

دریں اثنا، یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف آزاد جموں کشمیر کی قانون ساز اسمبلی پہنچے جہاں گارڈ آف آنر کے ساتھ ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔

پولیس کے چاق و چوبند دستے نے وزیراعظم کو سلامی پیش کی، اس موقع پر پاکستان اور آزاد کشمیر کے ترانے بھی بجائے گئے۔ شہباز شریف آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی سے خطاب بھی کریں گے۔

دریں اثنا چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا، مسلح افواج کے سربراہان اور مسلح افواج نے بھی مقبوضہ کشمیر کے عوام کے حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کرتی ہیں۔

یہ خلاف ورزیاں بھارت کی جانب سے بین الاقوامی قوانین، انسانی اصولوں اور بنیادی انسانی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزی کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔

1000 حروف

معزز قارئین، ہمارے کمنٹس سیکشن پر بعض تکنیکی امور انجام دیے جارہے ہیں، بہت جلد اس سیکشن کو آپ کے لیے بحال کردیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 6 فروری 2025
کارٹون : 5 فروری 2025