• KHI: Fajr 5:55am Sunrise 7:12am
  • LHR: Fajr 5:30am Sunrise 6:52am
  • ISB: Fajr 5:36am Sunrise 7:01am
  • KHI: Fajr 5:55am Sunrise 7:12am
  • LHR: Fajr 5:30am Sunrise 6:52am
  • ISB: Fajr 5:36am Sunrise 7:01am

کراچی: گلستان جوہر میں کچرا اٹھانے والے ٹرک کی متعدد گاڑیوں کو ٹکر، 3 افراد جاں بحق

شائع February 5, 2025
— فائل فوٹو:
— فائل فوٹو:

کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں راشد منہاس روڈ پر سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے کچرا اٹھانے والے ٹرک نے متعدد گاڑیوں کو ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں تین افراد جاں بحق ہو گئے۔

ڈپٹی انسپکٹر جنرل ٹریفک پولیس احمد نواز چیمہ نے ڈان نیوز ڈاٹ ٹی وی کو بتایا کہ سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کا کچرا اٹھانے والا ٹرک جا رہا تھا کہ شام 5 بج کر 20 منٹ پر جوہر فلائی اوور سے اترتے ہوئے اس کے بریک فیل ہو گئے۔

شہر قائد کے ٹریفک پولیس چیف کا کہنا تھا کہ بریک فیل ہونے سے ٹرک بے قابو ہو کر تین موٹر سائیکلوں اور 2 کاروں سے ٹکرا گیا، جس کے نتیجے میں خاتون سمیت 3 افراد جاں بحق ہو گئے۔

انہوں نے بتایا کہ ڈرائیور ڈمپ ٹرک کو چھوڑ کر موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

ایدھی فاؤنڈیشن کے ترجمان نے بتایا کہ لاشوں کو جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر (جے پی ایم سی) منتقل کر دیا گیا، جبکہ جاں بحق ہونے والوں کی شناخت مریم زہرہ اور ان کے شوہر کامران کے نام سے ہوئی۔

ایک الگ واقعے میں ایک خاتون اور اس کی شیر خوار بیٹی جاں بحق جبکہ تین افراد زخمی ہوگئے۔

ڈی آئی جی ٹریفک چیمہ نے بتایا کہ کھوکھراپار 4 پر ایک بس 5 بجے کے قریب پریشر فیل ہونے کی وجہ سے خراب ہوگئی۔

ان کا کہنا تھا کہ اچانک بس چلنا شروع ہو گئی اور ایک رہائشی عمارت میں جاگھسی، جس سے فوری طور پر ایک خاتون اور ایک بچہ جاں بحق جبکہ تین دیگر زخمی ہوئے۔

بس ڈرائیور کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ بس کو کرین کی مدد سے ہٹایا گیا، لاشوں اور زخمیوں کو جناح ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

ترجمان ایدھی فاؤنڈیشن کے مطابق جاں بحق ہونے والوں کی شناخت 35 سالہ بسمہ عمران اور ان کی شیر خوار بیٹی 3 سالہ ارم عمران کے نام سے ہوئی۔

دریں اثنا، ایدھی فاؤنڈیشن نے ایک بیان میں کہا کہ فروری کے 5 دنوں میں اب تک شہر میں حادثات کے نتیجے میں 5 بچوں اور 2 خواتین سمیت 14 افراد جاں بحق جبکہ 100 زخمی ہو چکے ہیں۔

1000 حروف

معزز قارئین، ہمارے کمنٹس سیکشن پر بعض تکنیکی امور انجام دیے جارہے ہیں، بہت جلد اس سیکشن کو آپ کے لیے بحال کردیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 6 فروری 2025
کارٹون : 5 فروری 2025