• KHI: Fajr 5:26am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 4:53am Sunrise 6:14am
  • ISB: Fajr 4:57am Sunrise 6:20am
  • KHI: Fajr 5:26am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 4:53am Sunrise 6:14am
  • ISB: Fajr 4:57am Sunrise 6:20am

پاکستان پہنچنے والی امریکی خاتون میں ’بائی پولر ڈس آرڈر‘ کی تشخیص

شائع February 6, 2025
—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

پاکستانی نوجوان سے شادی کی خواہش مند امریکی خاتون اونیجا اینڈریو رابنسن میں نفسیاتی عارضے ’بائی پولر ڈس آرڈر‘ (bipolar disorder) سمیت دیگر طبی پیچیدگیوں کی تشخیص ہوگئی۔

اونیجا اینڈریو رابنسن کو سندھ پولیس نے گزشتہ ہفتے جناح ہسپتال کے نفیساتی وارڈ میں داخل کرایا تھا۔

خاتون مبینہ طور پر اکتوبر 2024 سے پاکستان میں ہیں اور انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ کراچی کے علاقے گارڈن ایسٹ کے 19 سالہ لڑکے نے ان سے شادی کا وعدہ کیا تھا، ان کے درمیان تعلقات تھے، جس وجہ سے وہ امریکا سے پاکستان پہنچیں۔

خاتون گزشتہ ماہ جنوری کے اختتامی عشرے میں میڈیا کے سامنے آئیں اور ان کی متعدد ویڈیوز وائرل ہوئیں، انہیں امریکا واپس بھیجنے کی کوشش بھی کی گئی تھی لیکن انہوں نے واپس جانے سے انکار کردیا تھا۔

بعد ازاں سندھ پولیس نے خاتون کو تحویل میں لے کر جناح ہسپتال کے نفسیاتی وارڈ میں داخل کرایا تھا، جہاں ان کے متعدد ٹیسٹس کیے گئے۔

انگریزی اخبار ’ایکسپریس ٹربیون‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ امریکی خاتون میں نفسیاتی عارضے ’بائی پولر ڈس آرڈر‘ کی تشخیص ہوگئی۔

رپورٹ میں جناح ہسپتال کے نفسیاتی وارڈ کے سربراہ ڈاکٹر چنی لال کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ خاتون کے ہیموگلوبن ٹیسٹ سمیت دیگر بلڈ ٹیسٹس سے ان میں بائی پولر ڈس آرڈر کی تشخیص ہوئی۔

ڈاکٹر چنی لال نے بتایا کہ خاتون میں نہ صرف بائی پولر ڈس آرڈر بلکہ جگر کے عارضے سمیت دوسری طبی پیچیدگیوں کی بھی تشخیص ہوئی، جس کا علاج جاری ہے۔

ڈاکٹر کا کہنا تھا کہ خاتون میں خون کی بھی انتہائی کمی تھی، جس وجہ سے ان میں دو بار خون بھی چڑھایا جا چکا ہے اور ان کا علاج پولیس کی نگرانی میں جاری ہے۔

جناح ہسپتال کے ڈاکٹرز نے بتایا کہ خاتون کا مکمل علاج ہونے اور ان کی صحت یابی کے بعد سندھ حکومت کو آگاہ کردیا جائے گا، جس کے بعد خاتون کو واپس اپنے ملک بھیجنے کی راہ ہموار ہوجائے گی۔

خیال رہے کہ بائی پولر ڈس آرڈر ایک ایسی بیماری ہے جس میں انسان کے موڈ اور سرگرمیوں میں غیر متوقع تبدیلیاں آ جاتی ہیں۔

یہ ایک خطرناک نفسیاتی مسئلہ ہے جو کہ علاج کے بغیر سنگین ہو سکتا ہے، بعض اوقات اس مرض میں مبتلا شخص خودکشی جیسے سنگین قدم اٹھانے کا مرتکب بھی ہوسکتا ہے۔

اس مرض میں مبتلا شخص کے مزاج میں ہونے والی تبدیلیاں بعض اوقات کئی ہفتوں یا مہینوں تک بھی چل سکتی ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 13 مارچ 2025
کارٹون : 12 مارچ 2025