لاہور انتظامیہ نے تحریک انصاف کو جلسے کی اجازت سے انکار کردیا
پنجاب کے دارالحکومت لاہور کی انتظامیہ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو 8 فروری کو جلسے کی اجازت دینے سے انکار کردیا۔
ڈان نیوز کے مطابق انتظامیہ نے ضلعی انٹیلی جنس کمیٹی کی تجاویز کو مدنظر رکھ کر فیصلہ کیا، جاری نوٹی فکیشن کے مطابق سیکیورٹی خدشات پر پی ٹی آئی کو جلسے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔
نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ 8 فروری کو لاہور میں اہم ایونٹس کا سلسلہ جاری ہوگا، ایونٹس میں کرکٹ میچ، کیٹل شو، اسپیکر کانفرنس شامل ہیں۔
مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کا سابقہ ٹریک ریکارڈ غیر مناسب ہے، 9 مئی واقعات کے باعث پی ٹی آئی کو اجازت نہیں دی جا سکتی۔
واضح رہے کہ آج لاہور ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی کی جانب سے 8 فروری کو مینار پاکستان پر جلسے کی اجازت کی درخواست پر ڈپٹی کمشنر کو آج شام 5 بجے تک فیصلہ کرنے کی ہدایت کر دی تھی۔
3 فروری کو پاکستان تحریک انصاف نے 8 فروری کو لاہور مینار پاکستان پر جلسے کے لیے لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔
واضح رہے کہ 29 جنوری کو پی ٹی آئی پنجاب کی چیف آرگنائزر عالیہ حمزہ نے کہا تھا کہ 8 فروری کو پاکستان تحریک انصاف کے مینڈیٹ پرشب خون مارا گیا، ہم اس کے خلاف مینار پاکستان پر جلسہ کریں گے۔
عالیہ حمزہ نے کہا تھا کہ مینار پاکستان پر جلسہ کرنے کی اجازت نہیں ملتی تو ہم قانونی راستہ اختیار کریں گے۔
انہوں نے کہا تھا کہ ہم اس دفعہ کسی قدغن کو نہیں مانیں گے، جلسے کا کوئی وقت نہیں ہوتا، اگر جلسے کی اجازت نہ ملی تو یوم سیاہ منائیں گے۔