صائم ایوب کامیابی سے روبصحت، نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز میں شرکت فٹنس ٹیسٹ سے مشروط
پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) نے پاکستانی اوپننگ بیٹر صائم ایوب کی انجری کے حوالے سے معلومات جاری کردیں، اوپننگ بلے باز کی نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز میں شرکت فٹنس ٹیسٹ سے مشروط کردی گئی۔
ڈان نیوز کے مطابق پی سی بی نے صائم ایوب کی صحت کے حوالے سے جاری بیان کہا ہے کہ صائم ایوب ٹخنے کے فریکچر سے کامیابی سے صحت یابی کی طرف گامزن ہیں، صائم ایوب انگلینڈ میں اپنا ری ہیب جاری رکھیں گے۔
پی سی بی کے مطابق نیوزی لینڈ کے دورہ پاکستان پر ان کی دستیابی فٹنس ٹیسٹ سے مشروط ہوگی، پاکستان اپریل میں 5 ٹی ٹوئنٹی اور 3 ون ڈے میچز کی سیریز کے لیے نیوزی لینڈ کی میزبانی کرے گا۔
واضح رہے کہ صائم ایوب 3 جنوری کو جنوبی افریقا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے7 ویں اوور میں فیلڈنگ کے دوران دائیں ٹخنہ مڑ جانے کے باعث انجری کا شکار ہوگئے تھے اور 10 ہفتے کے لیے کرکٹ سے باہر ہوگئے تھے۔
بعدازاں چیئرمین پی سی بی کی خصوصی ہدایت پر صائم ایوب کو سرجری کے لیے برطانیہ بھیجا گیا تھا، قبل ازیں، صدر آصف زرداری نےکرکٹر صائم ایوب کو ٹیلی فون کرکے پاؤں میں لگنے والی چوٹ کے بارے میں دریافت کیا تھا
صدر مملکت نے جنوبی افریقہ میں قومی ٹیم کے ساتھ موجود صائم ایوب کی جلدصحت یابی کے لیے دعاکی، صدرِ مملکت نے صائم ایوب کی شاندار بیٹنگ پرفارمنس کو بھی سراہا تھا۔