• KHI: Zuhr 12:41pm Asr 5:00pm
  • LHR: Zuhr 12:12pm Asr 4:28pm
  • ISB: Zuhr 12:17pm Asr 4:32pm
  • KHI: Zuhr 12:41pm Asr 5:00pm
  • LHR: Zuhr 12:12pm Asr 4:28pm
  • ISB: Zuhr 12:17pm Asr 4:32pm

امریکی حکام کی پاکستان پہنچنے والی خاتون کو واپس جانے کے لیے رضامند کرنے کی کوشش

شائع February 7, 2025
— اسکرین شاٹ
— اسکرین شاٹ

کراچی میں موجود امریکی قونصلیٹ کے حکام نے پاکستانی لڑکے کے مبینہ پیار میں پاکستان پہنچنے والی خاتون اونیجا اینڈریو رابنسن کو واپس اپنے ملک جانے کے لیے رضامند کرنے کی کوششیں جاری ہیں، جس میں حکام کو کامیابی ملنے کی امید ہے۔

خاتون مبینہ طور پر اکتوبر 2024 سے پاکستان میں ہیں اور انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ کراچی کے علاقے گارڈن ایسٹ کے 19 سالہ لڑکے نے ان سے شادی کا وعدہ کیا تھا، ان کے درمیان تعلقات تھے، جس وجہ سے وہ امریکا سے پاکستان پہنچیں۔

خاتون گزشتہ ماہ جنوری کے اختتامی عشرے میں میڈیا کے سامنے آئیں اور ان کی متعدد ویڈیوز وائرل ہوئیں، انہیں امریکا واپس بھیجنے کی کوشش بھی کی گئی تھی لیکن انہوں نے واپس جانے سے انکار کردیا تھا۔

بعد ازاں گزشتہ ہفتے سندھ پولیس نے خاتون کو حفاظتی تحویل میں لینے کے بعد جناح ہسپتال کے نفسیاتی وارڈ منتقل کردیا تھا، جہاں ان میں نفسیاتی بیماری ’بائی پولر ڈس آرڈر‘ کی تشخیص ہوئی تھی۔

اب خبر سامنے آئی ہےکہ ہسپتال میں زیر علاج اونیجا اینڈریو رابنسن سے امریکی قونلصیٹ کے حکام نے ملاقات کرکے انہیں واپس اپنے ملک جانے کے لیے رضامند کرنے کی کوشش کی، جس میں حکام کو قدرے کامیابی ملی۔

انگریزی اخبار ’ایکسپریس ٹربیون‘ کے مطابق امریکی قونصلیٹ کے حکام نے جناح ہسپتال کا دورہ کیا، جہاں نفسیاتی وارڈ کے سربراہ ڈاکٹر چنی لال سمیت دیگر ڈاکٹرز نے حکام کو امریکی خاتون کی صحت سے متعلق آگاہی دی۔

ڈاکٹرز نے قونصلیٹ کے حکام کو بتایا کہ اونیجا اینڈریو رابنسن کی صحت بہتری کی جانب گامزن ہے، انہیں تین بار خون چڑھایا گیا، جس کے بعد اب ان میں خون کی سطح نارمل ہوچکی ہے جب کہ دیگر مسائل بھی بہتر ہو رہے ہیں۔

ڈاکٹرز نے حکام کو بتایا کہ اگر اسی طرح اونیجا اینڈریو رابنسن کی صحت بہتری کی جانب گامزن رہی تو انہیں 11 فروری سے قبل ڈسچارج کردیا جائے گا۔

ڈاکٹرز کی آگاہی کے بعد قونصلیٹ حکام نے اونیجا اینڈریو رابنسن کو واپس امریکا جانے کے لیے رضامند کرنے کی کوشش کی، جس پر خاتون نے رضامندی ظاہر کردی۔

ذرائع کے مطابق امریکی قونصلیٹ خاتون کے لیے واپسی کے ٹکٹ سمیت دیگر انتظامات کرے گا اور کوشش کی جائے گی کہ خاتون کو 11 فروری کو واپس بھیجا جائے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اونیجا اینڈریو رابنسن کے ویزہ کی مدت 11 فروری کو ختم ہو رہی ہے اگر وہ اس وقت تک پاکستان سے نہیں گئیں تو انہیں قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 14 مارچ 2025
کارٹون : 13 مارچ 2025