صدر مملکت نے لاہور ہائیکورٹ میں 9 نئے ایڈیشنل ججز مقرر کر دیے
صدر مملکت نے لاہور ہائی کورٹ میں 9 نئے ایڈیشنل ججز مقرر کر دیے۔
ڈان نیوز کے مطابق جاری نوٹی فکیشن کے مطابق نئے ججز کی تقرریاں آئین کے آرٹیکل 197 اور 175 (اے) کے تحت کی گئی ہیں۔
نوٹی فکیشن کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں نئے ججز کی مدتِ ملازمت ایک سال کے لیے ہوگی، ججز تعینات ہونے والوں میں سپریم کورٹ کے وکلا حسن نواز، وقار حیدر، سردار اکبر علی کے علاوہ ملک جاوید، احسن رضا کاظمی، محمد جواد ظفر، پنجاب کے ایڈووکیٹ جنرل خالد اسحٰق بھی شامل ہیں۔
اس کے علاوہ چوہدری سلطان محمود اور ملک محمد اویس خالد کو بھی لاہور ہائی کورٹ کا نیا جج مقرر کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیرصدارت جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں لاہور ہائی کورٹ کے لیے 9 ایڈیشنل ججز کے ناموں پر اتفاق کیا گیا تھا۔
جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کو 10 ایڈیشنل ججز کے لیے 49 نامزدگیاں موصول ہوئی تھیں، 10 ایڈیشنل ججز کی تعیناتی کے لیے 4 ڈسٹرکٹ سیشن ججز اور 45 سینئر وکلا کے ناموں پر غور کیا گیا تھا۔
اجلاس کے دوران ڈسٹرکٹ سیشن جج قیصر نذیر بٹ، محمد اکمل خان، جزیلہ اسلم، ابہر گل خان کے ناموں پر غور کیا گیا جب کہ اجلاس میں ایڈووکیٹ عدنان شجاع بٹ، ایان طارق بھٹہ، امبرین انور راجہ کے ناموں پر غور کیا گیا تھا۔