• KHI: Fajr 4:54am Sunrise 6:12am
  • LHR: Fajr 4:12am Sunrise 5:37am
  • ISB: Fajr 4:13am Sunrise 5:40am
  • KHI: Fajr 4:54am Sunrise 6:12am
  • LHR: Fajr 4:12am Sunrise 5:37am
  • ISB: Fajr 4:13am Sunrise 5:40am

کشتی حادثات کے بعد ایف آئی اے نے لاہور ایئرپورٹ پر ایک ماہ میں 2500 مسافروں کو آف لوڈ کیا

شائع February 10, 2025
— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

یورپ میں کشتی الٹنے کے واقعات کے بعد وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے ملک کے تمام ہوائی اڈوں پر سخت اسکریننگ شروع کردی ہے تاکہ ممکنہ غیر قانونی تارکین وطن کو فضائی راستے سے عارضی مقامات تک پہنچنے سے روکا جاسکے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ایف آئی اے نے گزشتہ ایک ماہ کے دوران صرف لاہور ایئرپورٹ پر 2500 مسافروں کو جعلی، مشکوک یا نامکمل دستاویزات رکھنے کی وجہ سے آف لوڈ کیا، یہاں تک کہ اصل دستاویزات پر سفر کرنے والے کچھ مسافروں کو غیر قانونی تارکین وطن کے شبہے میں آف لوڈ کردیا گیا۔

زیادہ تر مسافروں کو سعودی عرب، آذربائیجان، ایران، عراق، ملائیشیا، سینیگال، ایتھوپیا، موریطانیہ، ترکیہ، قطر، کویت، کرغزستان، کینیا، مصر اور لیبیا کے لیے روانہ ہونا تھا۔

ایف آئی اے نے ان ممالک کی نشاندہی غیر قانونی تارکین وطن کے یورپی یا دیگر ترقی یافتہ ممالک کے سفر کے لیے ٹرانزٹ مقامات کے طور پر کی ہے، مسافر زیادہ تر دورے، سیاحت، عمرہ اور اسٹوڈنٹ ویزا پر ان ممالک کا سفر کر رہے تھے۔

ایف آئی اے لاہور کے سربراہ سرفراز خان ورک کی ہدایت پر لاہور ایئرپورٹ انتظامیہ مسافروں کی سخت اسکریننگ کر رہی ہے، ایف آئی اے کے ترجمان نے ڈان کو بتایا کہ رواں سال جنوری سے اب تک جعلی، مشکوک یا نامکمل دستاویزات کی وجہ سے 2501 مسافروں کو آف لوڈ کیا جا چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسافروں کے سفری ریکارڈ کا جامع جائزہ لیا جارہا ہے، جعلی دستاویزات استعمال کرنے کے الزام میں 8 مسافروں کو گرفتار کیا گیا ہے، بھیک مانگنے میں ملوث 14 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے اور گرفتار افراد کو مزید تفتیش کے لیے انسداد انسانی اسمگلنگ سرکل لاہور کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب پولیس کو مطلوب 9 مفرور ملزمان کو بھی ایف آئی اے نے بیرون ملک فرار ہونے سے روک دیا، ترجمان نے بتایا کہ 2024 میں لاہور ایئرپورٹ پر جعلی، مشکوک یا نامکمل دستاویزات کی وجہ سے 8 ہزار 812 مسافروں کو آف لوڈ کیا گیا، انہوں نے کہا کہ جعلی دستاویزات استعمال کرنے کے الزام میں 79 مسافروں کو گرفتار کیا گیا اور بھیک مانگنے میں ملوث 75 دیگر افراد کو بھی حراست میں لیا گیا۔

اسی طرح پنجاب پولیس کو سنگین مقدمات میں مطلوب 57 مفرور ملزمان کو گزشتہ سال ملک سے فرار ہونے سے روکا گیا۔

سرفراز خان ورک نے کہا کہ کشتی کے سانحات سے منسلک انسانی اسمگلرز کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رہے گا، انہوں نے کہا کہ انسانی اسمگلنگ کے نیٹ ورکس کے خلاف کارروائیاں تیز کردی گئی ہیں کیونکہ ایف آئی اے اس گھناؤنے جرم کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر کاربند ہے۔

ملک کے بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر سخت اسکریننگ کی وجہ سے یورپی، وسطی ایشیائی اور مشرق وسطیٰ کے ممالک کے قانونی دستاویزات اور وزٹ ویزا کے ساتھ سفر کرنے والے حقیقی مسافروں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

ٹور آپریٹرز نے متعلقہ حکام پر بھی زور دیا ہے کہ وہ اصل ویزا کے حامل مسافروں کو نہ روکیں کیونکہ اس سے ان کے کاروبار کو نقصان پہنچ رہا ہے، ایف آئی اے نے حال ہی میں 2024 میں یونانی کشتی حادثے میں ملوث اپنے 13 افسران کو برطرف کیا تھا اور 3 کانسٹیبلز کی ترقیاں روک دی تھیں۔

اسی طرح متعدد پاکستانیوں کی اموات کا سبب بننے والے یونان کشتی حادثے کی تحقیقات کی روشنی میں گزشتہ ماہ ایف آئی اے کے 65 اہلکاروں کو ملک میں کسی بھی امیگریشن چیک پوسٹ اور اینٹی ہیومن اسمگلنگ سرکلز میں تعیناتی کے لیے بلیک لسٹ کیا گیا تھا۔

ایف آئی اے نے گزشتہ سال دسمبر میں یونان کے قریب غیر قانونی تارکین وطن کو لے جانے والی ایک کشتی کے ڈوبنے کے بعد کارروائی کا آغاز کیا تھا۔ ایک اندازے کے مطابق حادثے میں 80 سے زائد پاکستانی ڈوب گئے تھے جن میں سے 36 کو بچا لیا گیا تھا جبکہ باقی کو مردہ قرار دے دیا گیا تھا۔

اس سانحے کے بعد وزیر اعظم شہباز شریف نے حکام کو انسانی اسمگلرز اور ان کی مدد کرنے والے اہلکاروں کے خلاف کارروائی کرنے کا حکم دیا تھا، اس کے بعد سے ملک بھر میں انسانی اسمگلروں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کیا گیا ہے جس کے نتیجے میں درجنوں مشتبہ افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 13 اپریل 2025
کارٹون : 12 اپریل 2025