• KHI: Asr 4:52pm Maghrib 6:30pm
  • LHR: Asr 4:15pm Maghrib 5:55pm
  • ISB: Asr 4:18pm Maghrib 5:58pm
  • KHI: Asr 4:52pm Maghrib 6:30pm
  • LHR: Asr 4:15pm Maghrib 5:55pm
  • ISB: Asr 4:18pm Maghrib 5:58pm

بھارتی فیشن نقاد نے ماورا حسین کے عروسی جوڑے پر اپنی غلطی تسلیم کرلی

شائع February 10, 2025
—فوٹو: انسٹاگرام
—فوٹو: انسٹاگرام

بھارتی فیشن ناقد اور کانٹینٹ کریئٹر صوفی موتی والا نے اپنی کم علمی تسلیم کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجھے ماورا حسین کے عروسی جوڑے کی ثقافتی اہمیت معلوم ہوگئی۔

صوفی موتی والا کا شمار بھارت کے فیشن ناقدین اور کانٹینٹ کریئٹرز میں ہوتا ہے، انہوں نے حال ہی میں شادی کے بندھن میں بندھنے والی پاکستانی اداکارہ ماورا حسین کے نکاح کے جوڑے کا مذاق اڑاتے ہوئے اسے سستا اور خراب کہا تھا۔

انہوں نے بھارت کے معروف فیشن ڈیزائنرز کا حوالہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ جب آپ ایسی دنیا میں رہتے ہوں جہاں سبیاساچی اور منیش ملہوترا نہ ہوں تو اس کا نتیجہ ایسا ہی ہوتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مجھے دکھی دل کے ساتھ یہ کہنا پڑ رہا ہے کہ مجھے ماورا حسین کے نکاح کے جوڑے کا دوپٹا پسند نہیں آیا، خیر انہیں شادی مبارک ہو۔

تاہم ماورا حسین کے جوڑے اور جیولری کی اہمیت اور پس منظر سے بےخبر بھارتی ناقد کو یہ اندازہ نہیں تھا کہ انہیں یہ تنقید کتنی مہنگی پڑ جائے گی۔

انسٹاگرام پر صوفی موتی والا کی پوسٹ کے بعد نہ صرف پاکستانی بلکہ بھارتی فالوورز نے بھی انہیں آڑے ہاتھوں لیا۔

اداکارہ نادیہ افگن نے کہا کہ’واہ! اس حد تک تلخ ہونے کے لیے بھی خاص قسم کا ٹیلنٹ درکار ہوتا ہے۔’

انہوں نے ناقد کی ویڈیو کا اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ خوبصورتی پر انسان کااختیار نہیں ہوتا، تاہم نرم دلی پر ہوتا ہے۔

انہوں نے ماورا حسین کی شادی کا ذکر کرتے ہوئے لکھا کہ یہ موقع دونوں کی محبت، خوشی، اور ملن کے جشن کا تھا،آپ کے سطحی اظہار خیال کا نہیں۔

انہوں نے مزید لکھا کہ اگر بطور فیشن ناقد آپ اپنا کیریئر بنانے میں کامیاب نہ ہو سکیں تو کم از کم انسان بننے کی کوشش تو کر ہی سکتے ہیں۔

پاکستانی فیشن ڈیزائنر زہرا سرفراز نے ماورا کے جوڑے کی وراثتی اہمیت بتاتے ہوئے لکھا کہ انہوں نے اپنی ساس کے پرانے دوپٹے کو ماڈرن لُک دیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں مشکل بات حقیقی دنیا سے باہر رہنا، محض دو سے تین مخصوص ڈیزائنرز ہی کے کپڑے پہننا اور خود کو بہتر محسوس کرنا ہے۔

پاکستانی ڈیزائنر نے لکھا کہ میری سمجھ میں یہ نہیں آتا کہ جب ہم آپ کی انڈسٹری کے لوگوں کو اتنی محبت دیتے ہیں تو پھر آپ کے لیے ہمارے لوگوں کو عزت دینا اتنا مشکل کیوں ہے؟

ان کا کہنا تھا کہ مجھے ماورا حسین کے جوڑے کی سب سے اچھی بات یہ لگی کہ ا س میں ان کا اپنے پیاروں کے لیے پیار اور محبت جھلک رہی تھی،تاہم آپ کو ان خاص چیزوں کو سمجھنے کے لیے اپنی چھوٹی سوچ سے باہر نکلنا پڑے گا۔

زہرا سرفراز نے ماورا کی نکاح پر پہنی جانے والی مختصر جیولری کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا کہ انہوں نےاپنے شوہر امیر گیلانی کی دادی کی جیولری پہنی تھی۔

دوسری جانب اپنی غیر منطقی تنقید پر شدید ردعمل کے بعد صوفی موتی والا نے انسٹاگرام پر ایک نئی ویڈیو شیئر کی، جس میں انہوں نے شادی کی مزید تقریبات پر ماورا حسین کے جوڑوں کی تعریف کی۔

انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ویڈیو میں بھارتی کانٹینٹ کریئٹر نے اپنی کم علمی کا اعتراف کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ مجھے ماورا حسین کے نکاح کا جوڑا پسند نہیں آیا، تاہم اب مجھے اس جوڑے کی ثقافتی اہمیت معلوم ہوچکی۔

انہوں نے وضاحتی انداز میں کہا کہ میں نے یہ نہیں کہا تھا کہ یہ جوڑا ثقافتی طور پر اچھا نہیں ہے بلکہ میں نے یہ کہا تھا کہ مجھے ذاتی طور پسند نہیں آیا۔

دوسری جانب بھارتی کانٹینٹ کریئٹر کی پوسٹ پر ان کے کچھ فالوورز نے یہ بھی لکھا کہ ماورا حسین کی بہن اور بہنوئی منیش ملہوترا کے ڈیزائن کردہ لباس پہنے ہوئے تھے، جو واقعی ’ٹیکی‘ لگ رہے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 21 فروری 2025
کارٹون : 20 فروری 2025