• KHI: Zuhr 12:41pm Asr 5:00pm
  • LHR: Zuhr 12:12pm Asr 4:28pm
  • ISB: Zuhr 12:17pm Asr 4:32pm
  • KHI: Zuhr 12:41pm Asr 5:00pm
  • LHR: Zuhr 12:12pm Asr 4:28pm
  • ISB: Zuhr 12:17pm Asr 4:32pm

کراچی: ممنوع اوقات میں ہیوی ٹریفک رک نہ سکا، ڈمپر کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار جاں بحق

شائع February 11, 2025
ہاکس بے مشرف کالونی میں ڈمپر کی ٹکر کے بعد موٹر سائیکل گری ہوئی ہے — فوٹو: ڈان نیوز
ہاکس بے مشرف کالونی میں ڈمپر کی ٹکر کے بعد موٹر سائیکل گری ہوئی ہے — فوٹو: ڈان نیوز

کراچی کی سڑکوں پر ممنوع اوقات میں ہیوی ٹریفک کی آمد و رفت رک نہ سکی اور شہر میں دندناتے ڈمپر نے ایک اور جان لے لی، ہاکس بے مشرف کالونی کے قریب ڈمپرکی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار جاں بحق ہوگیا۔

ڈان نیوز کے مطابق کراچی میں ہیوی ٹریفک پر پابندی کے واضح اعلان کے باوجود شہر قائد میں ڈمپرز کے ذریعے حادثات کا سلسلہ نہیں تھم سکا، ہاکس بے مشرف کالونی کے قریب ڈمپر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہوگیا، جس کی شناخت صدیق کے نام سے ہوئی ہے، لاش کو سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

دوسری جانب کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن میں گاڑی کی ٹکر سے زخمی ہونے والی خاتون دوران علاج جاں بحق ہوگئی۔

ریسکیو حکام کے مطابق متوفیہ کی شناخت 30 سالہ عائشہ کے نام سے کی گئی ہے، لاش ضابطے کی کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کردی گئی۔

حادثہ تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے پیش آیا تھا، تیز رفتار گاڑی نے موٹرسائیکل سوار فیملی کو ٹکر ماری تھی، حادثے میں موٹر سائیکل پر سوار 8 سالہ بچی معمولی زخمی ہوئی، جبکہ باپ محفوظ رہا۔

گزشتہ رات بھی منگھو پیر میں موٹرسائیکل سوار نوجوان واٹر ٹینکر کی ٹکر سے جاں بحق ہوگیا تھا۔

الکرم اسکوائر پر ٹرالر کو جلانے کی کوشش

کراچی کے علاقے لیاقت آباد الکرم اسکوائر کے قریب نامعلوم افراد نے ٹرالر جلانے کی کوشش کی، علاقہ پولیس اور عوام نے اپنی مدد آپ کے تحت آگ پر فوری قابو پا کر ٹرالر کو جلنے سے بچا لیا۔

نامعلوم افراد کی جانب سے جلائے گئے ٹرالر میں سامان موجود تھا، تاہم خوش قسمتی سے کوئی بڑا مالی نقصان نہیں ہوا۔

واضح رہے کہ 2 روز قبل سندھ حکومت نے دن کے اوقات میں شہر میں ڈمپر کے داخلے پر پابندی کا فیصلہ کیا تھا، ڈمپرز کو رات 11 سے صبح 6 بجے تک شہر میں داخلے کی اجازت دی گئی تھی۔

ڈان نیوز کے مطابق چیف سیکریٹری سندھ صدارت میں ٹریفک حادثات کے حوالے سے منعقدہ اجلاس میں سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کو 3 ماہ کے اندر آپریشن رات کے ٹائم شفٹ کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔

اجلاس میں شہر میں چلنے والے تمام بڑے گاڑیوں اور ڈرائیوروں کے فزیکل ویری فکیشن کا بھی فیصلہ کیا گیا تھا۔

چیف سیکریٹری سندھ نے واٹر بورڈ کے تمام واٹر ٹینکرز کی ایک ماہ میں انسپکشن کی ہدایت بھی کی جب کہ موٹر سائیکل سواروں کو ہیلمٹ پہننے اور ٹریفک پولیس کو انفورسمینٹ بڑھانے کی بھی ہدایت کی گئی۔

چیف سیکریٹری سندھ کا کہنا تھا کہ شہر میں بڑھتے حادثات پر سخت اقدامات ضروری ہوگئے ہیں، انہوں نے لاپرواہی سے ڈرائیونگ کرنے والوں کے خلاف چالان کے ساتھ ایف آئی آر درج کرنے کی بھی ہدایت کی۔

یاد رہے کہ کراچی میں ٹریفک حادثات میں شہریوں کی اموات کا سلسلہ جاری ہے، فروری کے 8 روز کے دوران شہر میں مختلف ٹریفک حادثات میں 21 شہری جانیں گنوا بیٹھے۔

ڈان نیوز کے مطابق یکم فروری کو بلدیہ اتحاد ٹاؤن میں تیز رفتار کوچ کی ٹکر سے 12 سالہ لڑکا جان سے گیا، یکم فروری کو ہی بھینس کالونی روڈ پر ٹریفک حادثے میں 15 ماہ کا بچہ جاں بحق اور ماں زخمی ہوگئی۔

2 فروری کو نیشنل ہائی وے لنک روڈ پر 2 گاڑیوں میں تصادم کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق اور 5 زخمی ہوئے، اسی روز عوامی مرکز کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار جاں بحق ہوگیا۔

5 فروری کو راشد منہاس روڈ پر ڈمپر کی ٹکر سے خاتون سمیت 3 افراد کی جانیں گئیں جبکہ دیگر ٹریفک حادثات میں مزید 3 افراد جاں بحق اور 7 زخمی ہوئے۔

قبل ازیں کراچی میں ممنوع اوقات کار میں ڈمپرز، واٹر ٹینکرز، ٹرالرز، باؤذر کے سڑکوں پر چلنے کے خلاف ٹریفک پولیس کی جانب سے مؤثر کارروائیاں نہ ہونے پر شہری احتجاج کرتے ہوئے خود سڑکوں پر نکل آئے تھے۔

ناگن چورنگی پر شہریوں نے واٹر ٹینکرز کو روک کر از خود کاغذات اور ڈرائیونگ لائسنس کی جانچ شروع کردی۔

ہیوی ٹریفک کی جانب سے سرکاری اوقات کار کی خلاف ورزی پر شہریوں نے احتجاج کیا اور سڑک سے گزرنے والے واٹر ٹینکرز کو روک لیا، موقع پر موجود لوگوں نے واٹر ٹینکرز کی چابیاں نکال لیں اور ہیوی گاڑیاں ٹریفک پولیس کو دینے سے بھی انکار کردیا۔

شہریوں نے ازخود ہی ڈرائیورز سے ٹینکرز کے کاغذات اور ڈرائیونگ لائسنس طلب کرکے جانچ شروع کردی، عوام نے لائسنس کے بغیر ہیوی گاڑیاں چلانے والے ڈرائیورز اور ٹینکرز کے خلاف سڑکوں پر ہی ایف آئی آرز درج کرنے کا مطالبہ کردیا۔

کارٹون

کارٹون : 14 مارچ 2025
کارٹون : 13 مارچ 2025