ایف بی آر نے کراچی کیلئے جائیداد کی قیمتوں کے حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کردیا
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نےکراچی کے لیے جائیداد کی قیمتوں کے نوٹی فکیشن پر نظرثانی کر دی، جس کے بعد تعمیر شدہ پراپرٹی سے متعلق پیچیدگیاں ختم کردی گئیں۔
ڈان نیوز کے مطابق کراچی کے لیے جائیداد کی قیمتوں سے متعلق 29 اکتوبر 2024 کے نوٹی فکیشن میں ترامیم کی گئی ہیں۔
نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ کراچی میں رہائشی گرے اسٹرکچر پر تعمیر شدہ حصے کی ویلیو مرحلہ وار کم ہو جائےگی، کراچی میں 5 سے10 سال پرانے رہائشی گھر کے تعمیر شدہ حصہ کی ویلیو 5 فیصد کم تصور ہوگی۔
مزید کہا گیا ہے کہ کراچی میں 10 سے 15 سال پرانے رہائشی گھر کے تعمیر شدہ حصے کی ویلیو 7.5 فیصد کم تصور ہو گی، جبکہ 15 سے 20 سال پرانے رہائشی گھر کے تعمیر شدہ حصے کی ویلیو 10 فیصد کم تصور کی جائے گی۔
نوٹی فکیشن کے مطابق شہر قائد میں 5 سے 10 سال پرانے رہائشی فلیٹ کی ویلیو 10 فیصد کم تصور کی جائے گی، کراچی میں 10سے 15 سال پرانے رہائشی فلیٹ کی ویلیو 20 فیصد کم تصور کی جائے گی۔
مزید کہا گیا ہے کہ کراچی میں 20 سے 30 سال پرانے رہائشی فلیٹ کی ویلیو 30 فیصد اور 30 سال سے زائد پرانے رہائشی فلیٹ کی ویلیو 50 فیصد کم تصور کی جائے گی۔
نوٹی فکیشن کے مطابق شہر قائد میں 10 سے 15 سال پرانی کمرشل پراپرٹی کی ویلیو 5 فیصد کم جبکہ 15 سے 25 سال پرانی کمرشل پراپرٹی کی ویلیو 8 فیصد کم تصور کی جائے گی۔
ایف بی آر کے مطابق کراچی میں 25 سال سے زائد پرانی کمرشل پراپرٹی کی ویلیو 10 فیصد جبکہ ڈیفنس میں کمرشل پراپرٹی کی ویلیو 15 فیصد زیادہ تصور کی جائے گی۔