• KHI: Asr 4:59pm Maghrib 6:40pm
  • LHR: Asr 4:27pm Maghrib 6:09pm
  • ISB: Asr 4:30pm Maghrib 6:13pm
  • KHI: Asr 4:59pm Maghrib 6:40pm
  • LHR: Asr 4:27pm Maghrib 6:09pm
  • ISB: Asr 4:30pm Maghrib 6:13pm

قدرتی آفات اور معاشی عدم استحکام کی وجہ سے چیلنجز مزید بڑھ گئے، وزیراعلیٰ سندھ

شائع February 12, 2025
مراد شاہ نے کہا کہ 8 ہزار الیکٹرک بسیں کراچی میں مرحلہ وار چلانے جارہے ہیں
— فوٹو: ڈان نیوز
مراد شاہ نے کہا کہ 8 ہزار الیکٹرک بسیں کراچی میں مرحلہ وار چلانے جارہے ہیں — فوٹو: ڈان نیوز

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ قدرتی آفات اور معاشی عدم استحکام کی وجہ سے چیلنجز مزید بڑھ گئے، پانی کی قلت ایک بہت بڑا مسئلہ ہے جس سے زرعی معیشت متاثرہورہی ہے، غیر مؤثر زرعی پانی کے استعمال سے بڑے پیمانے پر نقصانات ہوتے ہیں۔

ڈان نیوز کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ نے پاکستان لیڈرشپ کنورسیشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کی سرزمین قدیم تاریخ، وسیع ثقافتوں اور بے پناہ صلاحیتوں سے مالامال ہے، ان چیلنجز کو نظر انداز نہیں کر سکتے، جو ترقی میں حائل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت ان تمام چیلنجز پر قابو پانے اور آگے بڑھنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے، سماجی اور اقتصادی ناہمواری بہت سےلوگوں کومتاثر کررہی ہے، کم شرح خواندگی، غذائی قلت اور بچوں کی اموات تشویش کا باعث ہیں، جس پر قابو پانے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ ان رکاوٹوں کو تسلیم کرنا چاہیے، جن کا سامنا ہے اور ان تمام رکاوٹوں کو دور کرنا ہی ہمارا مشن ہے، معیاری تعلیم تک رسائی کو بہتر بنانے کے لیے مختلف تنظیموں کے ساتھ سندھ حکومت نے شراکت داری کی ہے۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ خواندگی کی شرح میں اضافہ اور اسکولنگ میں صنفی تفاوت کو کم کرنا ترجیح ہے، غربت کے خاتمے کے لیے تعلیم کا کردار کلیدی ہے، سندھ کے ہر بچے کو سیکھنے اور بڑھنے کا موقع فراہم کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شعبہ صحت کی بہتری کے لیے انتھک محنت کر رہے ہیں، بچوں کی اموات کم کرنا اور غذائی قلت کا مقابلہ کرنا سندھ حکومت کی اولین ترجیحات ہیں، مراد علی شاہ نے کہا کہ صحت کی دیکھ بھال کے بنیادی ڈھانچے اور خدمات میں سرمایہ کاری جاری رکھیں گے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ واٹر اینڈ ایگریکلچر ٹرانسفارمیشن پراجیکٹ ایک سنگ میل اقدام ہے، پانی کے مؤثر استعمال کو فروغ دے کر زرعی معیشت کے نقصانات کو کم کر رہے ہیں، جدید آبپاشی تکنیکس کے ذریعے زرعی پیداواری صلاحیت کو بہتر بنارہے ہیں، پانی فقط ضرورت نہیں، بلکہ یہ کسانوں کی بقا کا مسئلہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی سندھ کا دل ہے، جہاں جدید اور پائیدار ٹرانسپورٹیشن ضروری ہے، صاف ستھرے اور مؤثر پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم کی جانب ایک تاریخی قدم اٹھایا ہے، کراچی کے پبلک ٹرانسپورٹ سیکٹر کو تبدیل کرنے کے لیے 500 الیکٹرک بسیں چلائی ہیں، نئی سفری سہولت نے ٹریفک کے بہاؤ اور شہری فضائی آلودگی کو کم کیا ہے، 8 ہزار الیکٹرک بسیں چلانے کا جامع منصوبہ شروع کرنے جارہے ہیں، 3 مراحل میں ماس ٹرانزٹ سسٹم کے لیے 8 ہزار الیکٹرک بسیں شامل کریں گے،

مراد علی شاہ نے کہا کہ سی پیک 2 سندھ کے لیے اقتصادی ترقی کے نئے دور کا آغاز ہے، سی پیک کے نئے منصوبے میں صنعت کاری و زرعی ترقی پر مرکوز کی جائے گی، بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور توانائی کا بحران ترقی میں رکاوٹ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نئے سی پیک منصوبے میں روزگار کے مواقع ملیں گے، ہزاروں ملازمتیں پیدا ہونے سے معاشی استحکام زور پکڑے گا، بڑے پیمانے پر ترقیاتی منصوبوں کے لیے وفاقی حکومت کے ساتھ تعاون ضروری ہے، متعدد منصوبوں کے لیے وفاقی حکومت کی جانب سے فنڈز اور وسائل کا حصول بہت ضروری ہے، سندھ کی افرادی قوت ہنرمند ہے اور مستقبل کے چیلنجز کے لیے تیار ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بنیادی ڈھانچے کی تعمیر نو اور جدید بنانے کے لیے پرعزم ہیں، ہر شعبے میں پائیدار طریقوں کو فروغ دینے کے لیے تیار ہیں، صوبے کی عوام کے ساتھ مل کر سندھ کو ترقی دینا چاہتے ہیں، سب مل کر پائیدار اور خوشحال سندھ بنائیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 12 مارچ 2025
کارٹون : 11 مارچ 2025