بلوچستان: ہرنائی میں مزدوروں کی گاڑی کے قریب دھماکا، 10 افراد جاں بحق، 7 زخمی
بلوچستان کے ضلع ہرنائی کی تحصیل شاہرگ میں کول مائن ایریا میں مزدوروں کی گاڑی کے قریب بم دھماکے نتیجے میں 10 افراد ہلاک اور 7 زخمی ہوگئے۔
ڈان نیوز کے مطابق لیویز نے بتایا کہ دھماکا تحصیل شاہرگ میں کوئلے کی لیبر گاڑی کے قریب ہوا، دھماکے کے نتیجے میں پک اپ گاڑی میں سوار 9 مزدور جاں بحق اور 7 زخمی ہوگئے۔
لیویز نے کہا کہ دھماکا بارودی سرنگ کا ہوسکتا ہے جس میں مزدوروں کی گاڑی کو اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ کوئلے کی کانوں میں کام کرنے کے لیے جارہے تھے، تاہم مزید تحقیقات جاری ہے۔
ڈپٹی کمشنر ہرنائی حضرت ولی کاکڑ کا کہنا تھا کہ دھماکے میں پک اَپ گاڑی کو نشانہ بنایا گیا، جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کوئلے کی کانوں میں مزدوری کرتھے تھے، جبکہ لاشوں اور زخمیوں کو بی ایچ یو شاہرگ منتقل کیا جارہا ہے۔
بعد ازاں دھماکے کا ایک اور زخمی دم توڑ گیا جس کے بعد جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 10 ہوگئی۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکا خیز مواد روڈ کنارے نصب تھا، ترجمان صوبائی حکومت
حکومت بلوچستان نے تحصیل شاہرگ ٹاکری میں دہشت گردی کے واقعے پر اظہار مذمت اور مزدوروں کی شہادت اور زخمی ہونے پر اظہار افسوس کیا ہے۔
ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند نے اپنے بیان میں کہا کہ واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا گیا جبکہ قانون نافذ کرنے ادارے جائے وقوع پر پہنچ گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ابتدائی تحقیقات سے ظاہر ہوتا ہے کہ دھماکا خیز مواد روڈ کنارے نصب تھا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی شاہرگ میں مزدوروں کی گاڑی کے قریب دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور دھماکے میں 9 مزدوروں کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ معصوم لوگوں کو نشانہ بنانے والے درندے کسی رعایت کے مستحق نہیں، جاں بحق مزدوروں کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور دکھ کی گھڑی میں سوگوار خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے مزدوروں کی گاڑی کے قریب دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے زخمی مزدوروں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کا پختہ عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانے والے دہشت گرد کسی صورت معافی کے مستحق نہیں، بلوچستان کے امن کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی جاری رکھیں گے اور امن دشمنوں کے عزائم کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت بلوچستان عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے، جبکہ واقعے میں ملوث دہشت گردوں کو جلد انجام تک پہنچایا جائے گا۔