• KHI: Zuhr 12:46pm Asr 4:51pm
  • LHR: Zuhr 12:16pm Asr 4:13pm
  • ISB: Zuhr 12:22pm Asr 4:15pm
  • KHI: Zuhr 12:46pm Asr 4:51pm
  • LHR: Zuhr 12:16pm Asr 4:13pm
  • ISB: Zuhr 12:22pm Asr 4:15pm

بجلی فراہم کرنے والی کمپنیوں کے شیئرز صدر پاکستان کے نام پر منتقل کرنے کی منظوری

شائع February 14, 2025
— فوٹو: پی آئی ڈی
— فوٹو: پی آئی ڈی

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے اجلاس میں بجلی فراہم کرنے والی کمپنیوں کے شیئرز صدر پاکستان کے نام پر منتقل کرنے کی منظوری دے دی گئی۔

ڈان نیوز کے مطابق شیئرز صدر پاکستان کو منتقل ہونے سے ڈسکوز کی نجکاری کی راہ میں بڑی رکاوٹ دور ہو گئی۔

سرکاری خبر رساں ادارے ’اے پی پی‘ نے رپورٹ کیا کہ ای سی سی نے برکس ممالک کے ذریعے قائم کردہ نیو ڈیولپمنٹ بینک میں پاکستان کی رکنیت اور پاکستان سٹیٹ آئل اور آذربائیجان کی سٹیٹ آئل کمپنی(سوکار)کے اشتراک سے سنگاپور میں بین الاقوامی جوائنٹ ٹریڈنگ کمپنی کے قیام کی منظوری بھی دی۔

ای سی سی کا اجلاس وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیرصدارت منعقد ہوا، جس میں وزیر تجارت جام کمال خان، وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری، وزیر مملکت برائے خزانہ و محصولات علی پرویز ملک، وفاقی سیکریٹریز اور متعلقہ وزارتوں و ڈویژنوں کے سینئر افسران نے شرکت کی۔

اے پی پی کے مطابق اجلاس میں وزارت تجارت کی تجویز پر پاکستان اسٹینڈرڈز اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی کے حالیہ نوٹیفائی کردہ لازمی اشیاء کے پی سی ٹی/ایچ ایس کوڈز کو درآمدی پالیسی آرڈر2022 میں شامل کرنے کی تجویز کی منظوری دی گئی۔

مزید بتایا کہ اس فیصلے سے پی وی سی اور پولیمر سے بنی مصنوعات کو لازمی ریگولیٹری دائرہ کار میں لایا جائے گا تاکہ پاکستان کے معیار کی مکمل تعمیل کو یقینی بنایا جا سکے۔

اجلاس میں وزارت توانائی (پاور ڈویژن) کی تجویز پر ڈسکوز کے حصص صدر پاکستان کے نام منتقل کرنے مشروط منظوری دیدی گئی، اس منتقلی کے کوئی مالی اثرات نہیں ہوں گے۔

کمیٹی نے پاکستان اسٹیٹ آئل اورآذربائیجان کیسٹیٹ آئل کمپنی(سوکار)کے اشتراک سے سنگاپور میں بین الاقوامی جوائنٹ ٹریڈنگ کمپنی کے قیام کی بھی منظوری دی۔

کمیٹی نے وزارت پٹرولیم کو ہدایت کی کہ وہ مخصوص سرمایہ کاری کی منظوری، بشمول ایکویٹی انجیکشن اور کمپنی کے آپریشنل ہونے کے وقت کے حوالے سے مکمل احتیاطی تدابیر اختیار کرے۔

اجلاس میں وزارت خزانہ کی تجویزپر ختم شدہ پاکستان پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ کے 133 پی ایس ڈی پی اسکیموں کے لیے مختص کئے گئے 19.15 ارب روپے کی منظوری دی گئی، یہ فنڈز متعلقہ وزارتوں، ڈویژنوں اور صوبائی حکومتوں کو منتقل کیے جائیں گے۔

ای سی سی نے ایس ڈی جیز اچیومنٹ پروگرام کے تحت ترقیاتی اسکیموں پر عملدرآمد کے لیے وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس کے لیے 5.36 ارب روپے کی منظوری دے دی، جس میں سندھ کے لیے 4.25 ارب روپے اور خیبر پختونخوا کے لیے ایک ارب 11کروڑ روپے شامل ہیں۔

اجلاس میں نادرا کے لیے 1.914 ارب روپے (6.836 ملین امریکی ڈالر) کے تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دی گئی، ان فنڈز کے ذریعے فاٹا ٹی ڈی پی-ای آر پی منصوبے کے تحت خیبر پختونخوا میں 43 سٹیزن فیسلیٹیشن مراکز کی ٹرانسفرمیشن کویقینی بنایا جائے گا، یہ فنڈز اقتصادی امورڈویژنز نے نے سرنڈر کر دیے تھے اور یہ داخلہ ڈویژن کے تحت استعمال ہوں گے جس سے حکومت پر اضافی مالی بوجھ نہیں پڑے گا۔

اجلاس میں وزارت قومی صحت کے لیے 50 کروڑ روپے کی منظوری دی گئی، اس سے زندگی بچانے والی ادویات اور ویکسین کی خریداری کی جائیگی، ای سی سی نے وزارت صحت کو مستقبل میں اس مد کے ادائیگی کے لیے ساختی حل تیار کرنے کی ہدایت کی۔

اجلاس میں صدارتی سیکریٹریٹ (پبلک) کے لیے 8 کروڑ 40 لاکھ روپے کی منظوری دی گئی، جس کا مقصد پرانے سرکاری ٹرانسپورٹ کی جگہ نئے دو ہینو کوسٹر منی بسوں اور تین ٹویوٹا ہائی ایس وینز کی خریداری ہے۔

اجلاس میں ڈیجیٹل اکانومی انہانسمنٹ پروجیکٹ پارٹ II کے لیے تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دی گئی، اس گرانٹ سے سرمایہ کاری بورڈ کے تحت پاکستان بزنس پورٹل قائم کی جائے گی، جس کا مقصد قواعد و ضوابط کو ہموار کرنا، غیر ضروری قوانین کا خاتمہ اور کاروباری اداروں کے لئے ایک جامع ڈیجیٹل پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 19 فروری 2025
کارٹون : 18 فروری 2025