چیمپئنز ٹرافی کے اب تک کھیلے گئے ایڈیشنز میں پاکستان کا کپتان کون کون رہا؟
پاکستان میں شیڈول آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کے 9ویں ایڈیشن کا آغاز 19 فروری سے کراچی میں ہورہا ہے جہاں قومی ٹیم محمد رضوان کی قیادت میں اپنا پہلا میچ نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گی۔
بھارت کی جانب سے سیاسی مسائل کے باعث دورہ پاکستان سے انکار کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے پاکستان کے ساتھ ملکر ایک معاہدہ کیا جس کے تحت 2028 تک پاکستان اور بھارت میں ہونے والے تمام آئی سی سی ایونٹس ہائبرڈ ماڈل کے تحت کھیلے جائیں گے۔
اس ماڈل کے تحت پاکستان اور بھارت اپنے میچز نیوٹرل وینیو پر کھیلے گی، چیپئمنز ٹرافی 2025 کے لیے بھارت کے تمام میچز متحدہ عرب امارات میں شیڈول کیے گئے ہیں جب کہ دیگر میچز کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔
پاکستان اس ایونٹ میں دفاعی چیمپئنز کے طور پر شامل ہوگا، 2017 میں پاکستان نے سرفراز احمد کی قیادت میں پہلی بار چیمپئنز ٹرافی اپنے نام کی تھی۔
پاکستان کے علاوہ بھارت اور آسٹریلیا 2،2 بار منی ورلڈکپ اپنے نام کرچکے ہیں جب کہ ویسٹ انڈیز، سری لنکا، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ بھی چیمپئنز ٹرافی جیتنے میں کامیاب رہے ہیں۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے 9ویں ایڈیشن میں پاکستان کو ہوم ایڈوانٹج بھی حاصل ہے محمد رضوان کی قیادت میں قومی ٹیم پر سب کی نظریں مرکوز ہیں کہ وہ ایونٹ میں کس طرح کی کارکردگی کا مظاہرہ کرتی ہیں۔
تاہم، آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے اب تک کھیلے گئے ایڈیشنز میں پاکستان کا کپتان کون کون رہا اور قومی ٹیم کی کارکردگی کیا رہی، اس کی تفصیلات سے آپ کو آگاہ کرتے ہیں۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا پہلا ایڈیشن 1998 میں ہوا جس میں پاکستان کی کپتانی عامر سہیل نے کی اور کوارٹر فائنل میں ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو شکست دی۔
سال 2000 میں ہونے والے چیمپئنز ٹرافی کے دوسرے ایڈیشن میں قومی ٹیم کی قیادت معین خان نے کی جہاں پاکستان نے سیمی فائنل تک پہنچنے میں کامیاب رہی لیکن جہاں نیوزی لینڈ نے شاہینوں کو شکست دے کر فائنل جیتنے کا خواب چکنا چور کردیا۔
چیمپئنز ٹرافی کا تیسرا ایڈیشن 2002 میں ہوا جس میں پاکستان کی کمان وقار یونس نے سنبھالی اور پاکستان ٹیم پہلے ہی راؤنڈ سے باہر ہوئی۔
2004 میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی میں پاکستانی ٹیم کی قیادت انضمام الحق نے کی اور گرین شرٹس نے سیمی فائنل میں جگہ بنائی تاہم اس بار بھی پاکستان کا ایونٹ جیتنے کا خواب شرمندہ تعبیر نہ ہوسکا، قومی ٹیم کو ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں شکست ہوئی۔
2006 میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی میں یونس خان نے پاکستان کی قیادت کی تاہم قومی ٹیم سیمی فائنل تک نہ پہنچ سکی ۔
2009 کے ایڈیشن میں بھی قومی ٹیم کے کپتان یونس خان ہی تھے جس میں پاکستان نے سیمی فائنل میں جگہ بنائی تاہم نیوزی لینڈ سے شکست ہوگئی ۔
2013 میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی میں مصباح الحق کی قیادت میں پاکستان کی پرفارمنس انتہائی ناقص رہی اور گروپ مرحلے کے تینوں میچز میں ناکامی ہوئی ۔
تاہم، 2017 کی چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان نے سرفراز احمد کی قیادت میں تاریخ رقم کی اور پہلی بار چیمپئنز ٹرافی کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔
پاکستان نے فائنل میں روایتی حریف بھارت کو 180 رنز کے بھاری بھرکم مارجن سے آؤٹ کلاس کیا تھا۔