کُرم میں گاڑیوں پر فائرنگ، صوبائی حکومت کی شرپسندوں کے خلاف بلاتفریق کارروائی کی ہدایت
حکومت خیبرپختونخوا نے کُرم سامان لے جانے والے گاڑیوں کے قافلوں پر فائرنگ کے واقعات سے سختی سے نمٹنے کا فیصلہ کرتے ہوئے شرپسندوں کے خلاف بلاتفریق اور سخت کارروائی کرنے کی ہدایت کردی۔
ڈان نیوز کے مطابق صوبائی حکومت نے کرم کے علاقے اوچت، مندوری اور دیگر علاقوں کو شرپسندوں سے پاک کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
حکومت خیبرپختونخوا نے علاقوں میں موجود شرپسندوں کے خلاف بلاتفریق اور سخت کارروائی عمل میں لانے کی ہدایت کر دی، کُرم میں شرپسندوں کے خلاف مؤثر کاروائیوں کے لیے مقامی آبادی کو نکالا جائے گا۔
کُرم میں ایف آئی آرز میں نامزد ملزمان کی فوری گرفتاری عمل میں لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ترجمان خیبرپختونخوا حکومت کا کہنا تھاکہ صوبائی حکومت آج کے واقعے کو انتہائی تشویش کی نظر سے دیکھتی ہے، علاقہ عمائدین اور مقامی لوگ ان علاقوں میں موجود شر پسندوں کو سزا کے لیے حکومت کے حوالے کریں۔
ترجمان نے کہا کہ کُرم میں امن کمیٹیاں شرپسندوں کو اس طرح کی کارروائیوں سے باز رکھنے میں ناکام رہے، حکومت امن دشمن عناصر کے خلاف بھر پور کارروائی عمل میں لائے گی۔
واضح رہے کہ آج پھر خیبرپختونخوا کے ضلع کرم میں اشیائے خور و نوش لے جانے والے امدادی قافلے پر مسلح افراد نے فائرنگ کردی تھی، جس کے نتیجے میں ایک ڈرائیور زخمی ہوگیا تھا، حملہ آوروں نے ادویہ سے بھرے ٹرک کو لوٹ بھی لیا تھا۔
واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے حملہ آوروں کو گن شپ ہیلی کاپٹروں سے نشانہ بنایا، بیشتر ٹرکس کو ٹل روانہ کردیا گیا تھا۔
پولیس حکام نے بتایا تھا کہ کرم کےعلاقہ اوچت کے مقام پر اشیائے خور و نوش لے جانے والے قافلے پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔
عینی شاہدین نے بھی فائرنگ کے واقعے کے بعد حملہ آوروں کی جانب سے امدادی سامان کی لوٹ مار کی تصدیق کردی تھی،۔
پولیس کے مطابق لوئر کرم کے علاقے اوچت اور ڈاڈ قمر میں 64 گاڑیوں کے قافلے پر فائرنگ کی گئی تھی، پولیس کے مطابق گن شپ ہیلی کاپٹروں نے حملہ آوروں پر شیلنگ شروع کردی تھی۔